سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر اس جماعت کا ہونا چاہیے جس کی اکثریت ہو، پی پی چیئرمین
سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر اس جماعت کا ہونا چاہیے جس کی اکثریت ہو، پی پی چیئرمین

حکمران پہلے انسان بنیں پھر سیاست دان اور حکمران بنیں، بلاول بھٹو

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ حکمران پہلے انسان بنیں پھر سیاست دان اورحکمران بنیں، اس وقت میڈیا اوراظہارآزادی پر حملے ہورہے ہیں، سلیکٹڈ وزیراعظم کواپنی سوچ میں تبدیلی لانی ہوگی۔

کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہمیں اظہار آزادی کے لیے جدوجہد کرنی ہے، اس وقت میڈیا اور اظہار آزادی پر حملے ہورہے ہیں، اظہار آزادی کے لیے ہمیں پارلیمانی اورعدالتی فورم کواستعمال کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی صحافیوں کے ساتھ ہے، صحافیوں کو قانونی تحفظ، سہولیات کے لیے قومی اور صوبائی سطح پرقانون سازی ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ میڈیا کے ساتھ کھڑے ہیں، آپ قدم بڑھائیں مجھے اپنےساتھ پائیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہاکہ 18 ویں ترمیم اورجمہوریت پرحملے ہورہے ہیں، ہم نے مل کر جمہوریت کے لیے جدوجہد کرنی ہے، باقی ادارے اپنے آپ کو طاقتور بناسکتے ہیں تو پارلیمنٹ کیوں نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آنٹی علیمہ کے لیے بجٹ میں سہولت فراہم کی گئ، سلیکٹڈ وزیراعظم کو اپنی سوچ میں تبدیلی لانی ہوگی۔

پیپلز پارٹی چیئرمین نے کہا کہ کس ملک میں تین بجٹ ایک سال میں آتے ہیں؟ پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے پاس 200 قابل لوگ موجود ہیں، آج عوام مہنگائی کے سونامی میں ڈوب رہے ہیں، ملک کےمستقبل کا فیصلہ صرف منتخب لوگوں کے پاس ہونا چاہیے کسی اور کے پاس نہیں، آپ توشہبازشریف کی تقریر برداشت نہیں کرسکتے ملک کیسے چلاسکتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ حکمران پہلے انسان بنیں پھرسیاست دان اورحکمران بنیں اور گالی کے بجائے پارلیمانی فورم استعمال کریں۔