قومی اسمبلی میں ارکان نے پلے کارڈ لیکر شیم شیم کی آوازیں لگائیں۔فائل فوٹو
قومی اسمبلی میں ارکان نے پلے کارڈ لیکر شیم شیم کی آوازیں لگائیں۔فائل فوٹو

قومی اسمبلی کی 36 قائمہ کمیٹیاں قائم۔ناموں کا اعلان کردیا گیا

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے قومی اسمبلی کی 36قائمہ کمیٹیاں قائم کرکے ناموں کا اعلان کردیا گیا جس میں بڑی پارٹیوں کے علاوہ چھوٹی پارٹیوں اورآزاد ارکان کو بھی  کمیٹیوں میں شامل کیا گیا ہے۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سےجاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق قائمہ کمیٹی برائے دفاع میں20 ارکان ہوں گے ،کمیٹی میں پی ٹی آئی کے ممبران کی تعداد8،مسلم لیگ ن کے ممبران کی تعداد5،پیپلزپارٹی کے ارکان کی تعداد3ہوگی اسی طرح ایم کیو ایم،جی ڈی اے،مجلس عمل اور بی اے پی کا ایک ایک رکن شامل ہوگا۔

اس کمیٹی  میں پی ٹی آئی کے طاہرصادق،غوث بخش مہر،مسلم لیگ ن کے برجیس طاہرسمیت دیگر پارٹیوں کے ممبران اسمبلی شامل ہونگے۔

اسی طرح قائمہ کمیٹی برائےداخلہ میں پی ٹی آئی کے ممبران کی تعداد9،مسلم لیگ ن کے ممبران کی تعداد5اورپیپلزپارٹی کے3 ارکان شامل ہوں گے جن میں نفیسہ عنایت اللہ خٹک ، سرداراختر مینگل،مریم اورنگزیب ،عبدالقادر پٹیل اور دیگرارکان شامل ہیں۔
قائمہ کمیٹی برائے خارجہ میں پی ٹی آئی کے دس،مسلم لیگ ن کے پانچ اور پیپلز پارٹی کے دو ارکان شامل ہوں گے ۔ مخدوم زین حسین قریشی،سید فخر امام،ملیکہ علی بخاری،زہرا ودود فاطمی،مائزہ حمید،حنا ربانی کھر اور آزاد رکن محسن داوڑ  کوکمیٹی میں شامل  کیا گیا ہے۔

خواجہ آصف کو قائمہ کمیٹی برائے پانی میں شامل کیا گیا ہے جبکہ بلاول بھٹو زرداری قائمہ کیمیٹی برائے انسانی حقوق کے رکن ہونگے تاہم آصف علی زرداری اور شاہد خاقان عباسی  کسی کمیٹی میں جگہ نہ بنا سکے۔

خیال رہے کہ کمیٹیوں کے سربراہان کے ناموں کا اب تک اعلان نہیں کیا گیا ہے، تاہم کمیٹیاں اپنے پہلے اجلاس میں مشاورت کے بعد اپنے سربراہان کے ناموں کا اعلان کریں گی۔