ساہیوال میں مارے جانے والے خلیل کے بھائی جلیل کی اپنی کم سن بھتیجی کےساتھ فائل فوٹو
ساہیوال میں مارے جانے والے خلیل کے بھائی جلیل کی اپنی کم سن بھتیجی کےساتھ فائل فوٹو

سانحہ ساہیوال کے متاثرین کا جے آئی ٹی سے تعاون کرنے سے صاف انکار

سانحہ ساہیوال میں جاں بحق مقتول خلیل کے بھائی  محمد جلیل نے جے آئی ٹی کے ساتھ تعاون کرنے صاف انکار کردیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کے ساتھ تعاون  کرینگے اور نہ ہی کوئی بیان ریکارڈ کرائیں گے،جب ایف آئی آر ہی میں جعلسازی کر دی گئی ہے تو آگے کیا ہو گا۔

محمد جلیل نے کہا کہ ہم نے مطالبہ کیا تھا کہ جھوٹی ایف آئی آر کو ختم کیا جائے جو ابھی تک نہیں کی گئی،انہوں نے کہا کہ لگتا ہے کہ ترجمان پنجاب حکومت شہباز گل کو بھی چونا لگایا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کے سربراہ نے جھوٹی ایف آئی آر ختم کرنے سے صاف انکار کر دیا ہے،یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ ایف آئی آر ختم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا جوڈیشل کمیشن کے ذریعے  واقعے کی تحقیقات کرانے کا مطالبہ برقرار ہے،ہمیں صرف انصاف چاہیے۔

ترجمان پنجاب حکومت شہباز گل نے کہا ہے کہ  میری محمد جلیل سے بات ہوئی ہے،جس طرح ان کی تسلی ہوگی ویسا ہی کریں گے۔

ان کا کہنا تھا اگرایف آئی آر ٹیمپر ہوئی ہے تو ذمے داروں کو سزا دیں گے۔