تحریک لبیک کے نئے قائم مقام امیر پیر قاضی محمد محمود
تحریک لبیک کے نئے قائم مقام امیر پیر قاضی محمد محمود

پیر محمود اعوانی تحریک لبیک کے قائم مقام امیرمقرر

تحریک لبیک پاکستان کی مرکزی مجلس شوریٰ نے پیر قاضی محمد محمود احمد اعوانی سجادہ نشین اعوان شریف کو تحریک لبیک پاکستان کا نیا قائم مقام امیر مقرر کر دیا۔

ان سے پہلے قائم مقام امیر مقرر کیے جانے والے علامہ شفیق امینی نے آسیہ کی بریت کیخلاف اپیل مسترد ہونے پر احتجاج کے دوران چارسدہ سے گرفتاری دے دی تھی۔

تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ خادم حسین رضوی اور سرپرست اعلیٰ پیر افضل قادری بدستور جیل میں ہیں۔ پیر افضل قادری علیل بتائے جاتے ہیں۔

تحریک لبیک پاکستان کی مرکزی مجلس شوریٰ کا اجلاس ہفتہ کو حافظ محمد سعد حسین رضوی کی صدارت اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں خادم حسین رضوی کے صاحبزادے سعد رضوی نے بھی شرکت کی۔

محمد سعد حسین رضوی نے پیر قاضی محمد محمود احمد اعوانی سجادہ نشین اعوان شریف کانام بطور قائم مقام امیر پیش کیا جس کوتمام اراکین شوریٰ نے متفقہ منظور کرلیا ۔

قائم مقام امیر کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد پیر قاضی محمد محمود احمد اعوانی نے کہا کہ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وسلم اور عقیدہ ختم نبوت کیلئے تحریک لبیک کی قربانیاں تاصبح قیامت یادرکھی جائیں گی۔اس موقع پرانہوں نے قائدین اورکارکنان کی قربانیوں کوخراج تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ مشکل کی اس گھڑی میں کارکنان کوتنہانہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی قانونی مددہرفورم پر کی جائیگی۔

مجلس شوری میں مکمل اتفاق سے فیصلہ کیاگیا کہ قائدین اور کارکنان کی بے جانظربندی اور گرفتاریوں کیخلاف ہر پلیٹ فورم پرآوز بلند کی جائے گی، اندرون ملک اوربیرون ملک تحریک لبیک کی حمایت کرنے پرعلماؤمشائخ اور سول سوسائٹی کے افراد وکلاء برادری اور میڈیا برادری کا شکریہ ادا کیا گیا خصوصاتنظیم المدارس کے صدر مفتی منیب الرحمان, علامہ پیرسید حسین الدین شاہ سلطان پوری, علامہ مفتی عبدالستار سعیدی اورعلامہ پیر سید ضیاء الحق شاہ سلطانپوری کوزبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا ۔