انصاف کی فراہمی میں ناکامی پر سانحہ ساہیوال کے متاثرین کا احتجاج

سانحہ ساہیوال کو کئی روز گرزنے کے باوجود متاثرین کو انصاف نہ مل سکا ، متاثرین کے ورثا انصاف کے حصول کے لیے گورنر ہاؤس کے باہر احتجاج کررہے ہیں

حکومت کی جانب سے انصاف کی فراہمی میں ناکامی کے بعد سانحہ ساہیوال کے متاثرین نے احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں وہ گورنر ہاؤس کے باہر احتجاج کررہے ہیں۔

مظاہرین میں خلیل اور ذیشان کے ورثاء سمیت محلے داروں کی بڑی تعداد شامل ہے جب کہ مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے ہیں جن پر انصاف کے حصول کے نعرے درج ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ 19 جنوری کی سہہ پہر پولیس کے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے ساہیوال کے قریب جی ٹی روڈ پر ایک مشکوک مقابلے کے دوران گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کردی تھی، جس کے نتیجے میں ایک عام شہری خلیل، اس کی اہلیہ اور 13 سالہ بیٹی سمیت 4 افراد جاں بحق اور تین بچے زخمی ہوئے جبکہ 3 مبینہ دہشت گردوں کے فرار ہونے کا دعویٰ کیا گیا۔

واقعے کے بعد سی ٹی ڈی کی جانب سے متضاد بیانات دیئے گئے، واقعے کو پہلے بچوں کی بازیابی سے تعبیر کیا گیا، تاہم بعدازاں ویڈیو منظر عام پر آنے کے بعد مارے جانے والوں میں سے ایک کو دہشت گرد قرار دے دیا گیا۔