شہزادہ محمد بن سلمان کی فائل فوٹو
شہزادہ محمد بن سلمان کی فائل فوٹو

سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان تاخیر کا شکار ہو گیا

سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان میں ایک روز کی تاخیر ہوگئی ہے جس کی دفتر خارجہ نے بھی تصدیق کردی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے16 فروری (ہفتہ کو) پاکستان آنا تھا تاہم اب وہ 17 اور 18 فروری کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ولی عہد کا دورہ تاخیر کا شکار ہوا ہے لیکن ان کی پاکستان آمد پر ان کی مصروفیات میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
محمد بن سلمان کے دورے کے شیڈول میں تبدیلی کے باعث 17 فروری کو ہونے والی پاک سعودی بزنس کانفرنس بھی ملتوی کردی گئی ہے جس کی سرمایہ کاری بورڈ نے تصدیق کردی ہے۔

بورڈ کا کہنا ہے کہ بزنس کانفرنس کی نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

واضع رہے کہ اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان وزیراعظم کی دعوت پر 16 فروری سے پاکستان کا دو روزہ دورہ کریں گے۔

ان کے ہمراہ سعودی شاہی خاندان کے ارکان، کلیدی وزرااور ممتاز کاروباری شخصیات سمیت اعلیٰ اختیاراتی وفد بھی ہوگا۔

بدھ کوترجمان دفتر خارجہ کی طرف سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق 16 اور 17 فروری کو اپنے دورے کے دوران شہزادہ محمد بن سلمان صدر مملکت سے ملاقات کریں گے۔