ڈی جی آئی ایس پی آرکے مطابق پاک فوج میں اعلیٰ سطح پرترقیاں ہوئی ہیں۔فائل فوٹو
ڈی جی آئی ایس پی آرکے مطابق پاک فوج میں اعلیٰ سطح پرترقیاں ہوئی ہیں۔فائل فوٹو

ڈی جی آئی ایس پی آر کی بریفنگ دکھانے پر13بھارتی چینلز کو نوٹس جاری

بھارتی  سرکار نے بوکھلاہٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کی پریس بریفنگ  دکھانے پر اپنے ہی ملک کے13 ٹی وی چینلز کو شو کازنوٹس جاری کردیے۔

نوٹس اُس پریس بریفنگ کو نشر کرنے پر جاری کیے گئے جس میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بھارت کو پاکستان سے الجھنے سے باز رہنے سے خبردار کیا تھا۔

بھارتی وزارت اظلاعات نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس بریفنگ نشر کر کے چینلز حکومتی احکامات کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔

مودی سرکار نے پلوامہ حملے کے بعد میڈیا کو ایک دھمکی آمیز ’’ایڈوائزری‘‘ جاری کی تھی جس میں اظہار رائے کی آزادی پر قدغن لگائی گئی تھی۔

وزارت اطلاعات کی جانب سے ترنگا ٹی وی کو جاری کیے گئے نوٹس میں کہا گیا کہ وزارت نے 14 فروری کو پلوامہ حملے کے بعد چینلز کے لیے ایڈوائزری جاری کی تھی جس میں ان سے ایسا مواد نشر نہ کرنے کی درخواست کی گئی تھی جس سے ‘امن عامہ کو نقصان پہنچنے، کشیدگی بڑھنے اور قوم مخالف جذبات پروان چڑھنے کا خدشہ ہو۔

چینل کو اظہار وجوہ کے نوٹس میں کہا گیا کہ ترنگا ٹی وی نے پلوامہ حملے کے بعد 22 فروری کو پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور کی پریس کانفرنس تقریباً 21 منٹ تک نشر کرکے ایڈوائزری کی خلاف ورزی کی۔
نوٹس میں کہا گیا کہ چینل نے پریس کانفرنس میں کیے گئے دعوؤں کی تصدیق کے لیے کوئی مداخلت نہیں کی جس سے اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ رہنما اصول کی خلاف ورزی نہیں ہوئی

واضح رہے کہ ترنگا ٹی وی بھارت کی مرکزی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما کپل سیبال کی ملکیت ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ اسی طرح کے نوٹسز 12 دیگر چینلز کو بھی بھیجے گئے جن میں اے بی پی نیوز، سوریا سماچار، نیوز نیشن، زی ہندوستان، ٹوٹل ٹی وی، اے بی پی ماجہا، نیوز 18 لوکمَت، جے مہاراشٹرا، نیوز 18 گجراتی، نیوز 24، سَندیش نیوز اور نیوز 18 انڈیا شامل ہیں۔

واضع رہے کہ پلوامہ خود کش حملے میں بھارتی فوج کے 47 جوانوں کی ہلاکت پر مودی حکومت کو سُبکی کا سامنا ہے،مودی نے اپنی غلطیاں سدھارنے کے بجائے پاکستان کو مورد الزام ٹھہرایا اور اپنے ہی میڈیا کو دھمکیاں دینے لگے۔