بھارت نے اپنے ہی لوگوں کو بے وقوف بنانے کا سلسلہ جاری رکھا ۔فائل فوٹو
بھارت نے اپنے ہی لوگوں کو بے وقوف بنانے کا سلسلہ جاری رکھا ۔فائل فوٹو

بھارتی میڈیا پر دکھائی گئی نام نہاد فضائی حملے کی ویڈیو 3سال پرانی نکلی

لائن ااف  کنٹرول کی خلاف ورزی کے بعد بھارتی میڈیا پر دکھائی گئی نام نہاد حملے کی ویڈیو 3 سال پرانی نکلی۔

بھارتی چینلز پر صبح سے دکھائی جانے والی ویڈیو دراصل 2016 سے یو ٹیوب پر موجود ہے۔ یہ ویڈیو اپ لوڈ ہونے کی تاریخ 23ستمبر 2016 درج ہے اور یہ بھارتی نہیں بلکہ پاکستان ائیرفورس کی نائٹ فلائنگ کی ویڈیو ہے۔

جنگ کے جنون میں مبتلا بھارتی میڈیا نے اسے سرجیکل اسٹرائیک کا نام دے کر اپنے ہی لوگوں کو بے وقوف بنانے کا سلسلہ جاری رکھا اور یوٹیوب سے 3 سال پرانی ویڈیو نکال کر اسے مذکورہ واقعے سے جوڑنے کی کوشش کی۔

بغیر تحقیق کیے اور بغیر سوچے سمجھے اس ویڈیو کو پوسٹ کرنے اور اس سے متعلق بھونڈا دعویٰ کرنے پر بھارت کی ایک مرتبہ پھر سے پوری دنیا میں جگ ہنسائی ہو گئی۔

سوشل میڈیا پر جو دوسری ویڈیو گردش کر رہی ہے وہ ایک ویڈیو گیم کے مناظر ہیں جنہیں بھارتی شہری شئیر کر رہےہیں۔

Embedded video

بھارتی ٹی وی چینل اے بی پی نے اس ویڈیو کو اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر بھی شئیر کیا اور دعویٰ کیاکہ یہ ویڈیو بھارت کی پاکستان کے خلاف فضائی کارروائی کی ویڈیو ہے۔بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ بھارتی فضائیہ نے پاکستان میں دہشتگرد کے ٹھکانوں پر حملہ کر کے پلوامہ حملے کا بدلہ لے لیا ہے اور پاکستان کو سبق سکھا دیا ہے۔

یاد رہے بھارتی ایئر فورس کی جانب سے گزشتہ رات دراندازی کی کوشش کی گئی جس کے بعد پاک فضائیہ کی بروقت اور مؤثر کارروائی کے بعد بھارتی طیارے اپنا بوجھ گرا کر فرار ہوگئے۔

واضع رہے کہ پلوامہ حملے میں 40 سے زائد بھارتی اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد بھارتی حکومت اور میڈیا بدحواس ہوچکا ہے اور پڑوسی ملک سے مسلسل پاکستان کو سبق سکھانے، سفارتی سطح پر تنہا کرنے اور جنگ کرنے جیسی آوازیں آرہی ہیں۔