آزاد کشمیر میں گرنے والے بھارتی طیارے کا ملبہ
آزاد کشمیر میں گرنے والے بھارتی طیارے کا ملبہ

بھارت کے 2 طیارے تباہ- صرف ایک پائلٹ گرفتار ہوا

پاکستانی سرحدی حدود میں گھسنے والے بھارت کے دو طیارے بدھ کی صبح پاک فضائیہ نے مار گرائے جب کہ ایک پائلٹ کو گرفتار کرلیا گیا۔ دو پائلٹ مارے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے پہلے جاری بیان کی تصحیح کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی فوج کی حراست میں صرف ایک بھارتی پائلٹ ہے اور فوجی اخلاقیات کے مطابق ونگ کمانڈر ابھے نندن سے اچھا برتائو کیا جا رہا ہے۔

 

اس سے پہلے فوجی ترجمان نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ دو پائلٹ گرفتار ہوئے ہیں جن میں سے ایک سی ایم ایچ میں زیر علاج ہے اور دوسرا ہمارے پاس ہے۔  البتہ پریس کانفرنس سے پہلے ٹوئٹر پر جاری ابتدائی بیان میں فوجی ترجمان نے ایک بھارتی پائلٹ گرفتار اور دیگر دو علاقے میں موجود ہونے کی بات کی تھی۔

فوجی ترجمان نے بدھ کی صبح سوا گیارہ بجے بتایا کہ پاک فضئایہ کی جانب سے اپنی حدود میں رہتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں چھ اہداف پر حملے کے بعد بھارتی فضائیہ نے کنٹرول لائن پار کی، پاک فضائیہ نے دو طیارے مار گرائے جن میں سے ایک کا ملبہ آزاد کشمیر میں گرا جبکہ دوسرے کے ملبہ مقبوضہ کشمیر میں گرا۔اسی ٹوئیٹ میں انہوں نے ایک پائلٹ گرفتار ہونے کا ذکر کیا تھا۔
بھارتی حکام کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تین طیارے بھارتی حدود میں داخل ہوئے تھے جن کے جواب میں بھارتی طیارے بلند ہوئے۔ بھارت کافی دیر تک اپنے طیاروں کی تباہی سے انکار کرتا رہا تاہم بالآخر اس نے ایک طیارہ مار گرائے جانے اور پائلٹ کی گرفتاری کی تصدیق کردی۔
ابتدائی اطلاعات میں یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ جو دو بھارتی طیارے پاک فضائیہ نے تباہ کیے ان میں سوار 2 پائلٹ بھی ہلاک ہوگئے تاہم بعد ازاں کسی بھارتی پائلٹ کی ہلاکت کی تصدیق نہ ہوسکی۔ البتہ سری نگر کے قریب بڈگام میں گر کر تباہ ہونے والے بھارتی ہیلی کاپٹر کے دو پائلٹ ہلاک ہوئے ہیں تاہم میجر جنرل آصف غفور کے مطابق ہیلی کاپٹر کی تباہی کا تعلق پاکستان کی کارروائی سے نہیں۔
یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستان فضائی حدود کی خلاف ورزی پر گزشتہ روز ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور نے کہا تھا کہ ہمارا جواب مختلف ہوگا، بھارت سرپرائز کا انتظار کرے۔