نسل پرستی اور نفرت انگیزی کیلئے نیوزی لینڈ میں جگہ نہیں، وزیراعظم جیسنڈا آرڈن

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسنڈا آرڈرن نے کہا ہے کہ تشدد، نفرت انگیزی اورنسل پرستی کیلیے نیوزی لینڈ میں کوئی جگہ نہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق شہدا کی یاد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نیوزی لینڈ جیسنڈا آرڈرن نے کہا کہ سانحہ کرائسٹ چرچ نے ہمیں عاجز بنادیا اور متحد کردیاہے، 15 مارچ کا واقعہ ہمارے الفاظ، اعمال اور رحمدلی کوطاقت بخشنے کا پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے سیاہ ترین وقت کے 14 روزبعد پھر اکٹھے ہوئے ہیں۔

نیوزی لینڈ میں سانحہ کرائسٹ چرچ کے شہدا کی یاد میں تقریب منعقد کی گئی جہاں متاثرین سے اظہاریکجہتی کیلیے شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،  متاثرین سےاظہاریکجہتی کیلیے تقریب میں دیگرمذاہب کےلوگ بھی شریک ہوئے۔

وزیراعظم نیوزی لینڈ کا کہنا تھا کہ ان 50 افراد کی موت کا دکھ الفاظ میں بیان نہیں کیاجاسکتا، مسلم کمیونٹی کاغم مٹانے کیلئے الفاظ ہو بھی کیا سکتے ہیں؟ انہوں نے کہا کہ ہم اپنی قوم کے آنسو یاد رکھیں گے۔

جیسنڈا آرڈرن نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ دہشتگردی کاجواب ہماری انسانیت میں ہے لہٰذا تشدد اورنفرت کیلیےنیوزی لینڈمیں کوئی جگہ نہیں اور نہ ہی نسل پرستی کیلیے کوئی گنجائش۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں ملکر تشدد اورنفرت انگیزی کوختم کرنا ہوگا۔

وزیراعظم جیسنڈاآرڈرن نے کہا کہ دنیا انتہا پسندی سے متاثر ہے، اسے مل کر ہی ختم کیا جا سکتا ہے جس کیلیے ہمیں دہشتگردی کو شکست دینا پڑے گی۔

وزیراعظم نیوزی لینڈ کو تقریرکا اختتام اسلام علیکم کے الفاظ سے کرنے پرتقریب کے شرکا نے کھڑے ہوکرخراج تحسین پیش کیا۔