وزیراعظم عمران خان کا 162 ارب روپے کے کراچی پیکیج کا اعلان

وزیراعظم عمران خان نے کراچی کے لیے 162 ارب روپے کے پیکیج کا اعلان کردیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق کراچی کے گورنر ہاؤس میں کراچی ٹرانسفارمیشن کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے شہر کے لیے پیکیج کا اعلان کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ پیکیج اپنے وسائل اور پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ سے تیار کیا ہے، پیکیج میں 18 منصوبے ہیں جس میں سے پبلک ٹرانسپورٹ کے 10 اور واٹر سیوریج کے 7 منصوبے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پینے کے پانی کے منصوبے کے فور میں جو مسائل ہیں وہ ہم سب جانتے ہیں، کراچی میں پانی کے پراجیکٹ کے لیے شہر کو پانی بچانے کیلئے پوری مہم چلانا پڑے گی، کبھی پاکستان میں پانی بچانے کی کوئی مہم نہیں چلی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ کراچی کی ذمہ داری سندھ حکومت کی ہے لیکن سندھ حکومت اندرونِ سندھ سے کامیاب ہوتی ہے، انہوں نے جو کراچی کے ساتھ جو سلوک کیا وہ سب کے سامنے ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کراچی کی ترقی سارے پاکستان کی ترقی کیلئے ضروری ہے، کراچی کا ماسٹر پلان بہت اہم ہے، شہر اب صرف کنکریٹ لگتا ہے یہاں گرین ایریاز ختم ہوچکے ہیں اور کراچی پھیلتا جارہا ہے

انہوں نے کہاکہ اتنے پھیلتے ہوئے شہر کو پانی اور سیوریج سمیت دیگر سہولیات نہیں دی جاسکتیں، اس طرح کے شہر میں سب کچھ مشکل ہوجاتا ہے، اس لیے بہت ضروری ہےکہ شہر کا ماسٹر پلان جلد بنایا جائے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی میں دستیاب جگہ بچانے کے لیے کثیرالمنزلہ عمارتوں کی ضرورت ہے، ہم نے کراچی کو اوپر کی طرف لے جانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے سول ایوی ایشن کو کہا ہےکہ ائیرپورٹ اور اطراف کے ایسے علاقوں کی نشاندہی کریں جہاں بلند عمارتیں نہیں بن سکتیں اس کے علاوہ جتنی چاہیں بلند عمارتوں کی اجازت ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بہت ضروری ہے کہ کراچی کے کام اب عملدرآمد کی طرف جائیں، گورنر سندھ کو کہا ہےکہ جو مدد چاہیے، ہم حاضر ہیں۔