سونامی کا مطلب تباہی ہے ، ایک روپے والی چیز 5 روپے کی ہوگئی ہے، خورشید شاہ

خورشید شاہ کہتے ہیں کہ وزیر اعظم عمران خان کہتے ہیں کہ پیسے نہیں ہیں تو وہ سندھ کے لیے کون سے منصوبے کا اعلان کریں گے؟

نجی ٹی وی کے مطابق سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے وزیر اعظم کے دورۂ سندھ پر تنقید کی اور کہا کہ سندھ صوفیاء کی سر زمین ہے، اللہ پاک سندھ کو عمران خان کے شر سے بچائے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ عمران خان ایک دن بھی جیل میں نہیں رہ سکتے، وہ خوداس بات کااعتراف کر چکے ہیں، وزیر اعظم کنٹینر والی سیاست کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم اب بھی حکومت کے ساتھ چلنے کو تیار ہیں، عمران خان کی تبدیلی میں ایک روپے والی چیز 5روپے کی ہو گئی، حکومت کےپاس مہنگائی کے سونامی کا کوئی جواب نہیں، عمران خان کے سونامی کا مطلب تباہی ہے۔

خورشید شاہ نے کہا کہ خان صاحب کہتے تھے کہ حکومت میں آ کرمہنگائی کم کریں گے، مہنگائی کم نہ کرنے پر قوم ان سے استعفیٰ طلب کرے۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ تبدیلی کے باعث بی آر ٹی منصوبہ 40 ارب سے 110 ارب کا ہو گیا، ڈالر کی قیمت میں اضافے کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔