زرداری اور نواز پیسے واپس کردیں ورنہ قوم معاف کرے گی نہ ہم چھوڑیں گے، عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سندھ کو پاکستان کا سب سے خوشحال صوبہ ہونا چاہیے تھا، آصف زرداری اور شریف برادران کو چیلنج کرتا ہوں جو چاہیں کرلیں ہم ان کو نہیں چھوڑیں گے جب کہ صرف ایک راستہ ہے یہ قوم کا پیسہ واپس کریں ہم انہیں چھوڑ دیں گے۔

نجی ٹی وی کے مطابق گھوٹکی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے  علی گوہرمہرصاحب کا شکریہ جنہوں نے مجھےیہاں دعوت دی ، سندھ کی زمین زرخیز ہے، گندم، کپاس اور گنا سب یہاں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ گیس یہاں سے نکلتی ہے،سندھ کی 70 فیصد گیس گھوٹکی سے نکلتی ہے۔ سندھ میں پچھلے 10 سال میں صرف گیس کی 234 ارب روپے رائلٹی آئی، سوال پوچھنا چاہیے کہ 234 ارب کی رائلٹی میں سے گھوٹکی کو کتنا حصہ ملا۔

وزیراعظم عمران خان نے ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر کی مثال دی اور کہا کہ مہاتیر محمد نے ملائیشیا کو تبدیل اور لوگوں کو خوشحال کیا، یہ ملک دنیا کے مسلمان ممالک میں ایک مثال بن گیا لیکن مہاتیر کے جاتے ہی ملک میں کرپٹ لیڈر شپ آئی اور خوشحال ملک مقروض ہونا شروع ہوگیا، 93 برس کی عمر میں مہاتیر واپس آئے عوام نے پھر انہیں وزیراعظم بنادیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ یاد رکھیں قومیں غریب نہیں ہوتیں، کرپشن قوم کو غریب اور مقروض کرتی ہے، ماضی میں ہماری ترقی کی مثال دی جاتی تھی، آج پاکستان تاریخی قرضوں میں ہے، ہمیں قرضوں کی قسطیں ادا کرنے کے لیے قرض لینے پڑتے ہیں، ہر روز قرضوں پر 6 ارب روپے سود دینا پڑتا ہے۔