قومی سلامتی کی معمولی خلاف ورزی پربھی بھرپور جواب دیا جائے گا،صدرمملکت

اسلام آباد  : مسلح افواج ہر طرح کی جارحیت کے خلاف دفاع کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں، مشرقی محاذ پر حالیہ لڑائی اس حقیقت کا ثبوت ہے، قومی سلامتی کی معمولی خلاف ورزی پر بھی بھرپور جواب دیا جائے گا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں 139 پی ایم اے لانگ کورس، 9 ویں مجاہد کورس، 58 اینٹی گریٹڈ کورس اور 14 ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ ہوئی جس کے مہمان خصوصی صدر مملکت عارف علوی تھے اس موقع پر صدر مملکت نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاک فوج دنیا کی بہترین اور پیشہ ور فوج ہے اور آپ نے دنیا کی بہترین فوج میں تربیت حاصل کی ہے، آپ نے اپنی قوم کے اعتماد پر پورا اترنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج آج انتہائی پُرعزم اور سخت جان ہے، پاک فوج دہشتگردی اور ملک کو درپیش مختلف خطرات سے پوری طرح باخبر ہے۔

عارف علوی نے کہا کہ مشرقی محاذ پر حالیہ لڑائی اس حقیقت کا ثبوت ہے، ہماری آپریشنل تیاریوں اور بھرپور جواب نے دشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان امن کا ہمیشہ خواہاں رہا ہے، قومی پالیسی کے تحت امن کا فروغ چاہتا رہےگا، ہم امن اور برابری اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات چاہتے ہیں۔

پاس آؤٹ کرنے والوں میں سعودی عرب اور سری لنکا کے کیڈٹس بھی شامل تھے، صدر مملکت نے پریڈ کا معائنہ کیا اور کیڈٹس میں ایوارڈز بھی تقسیم کیے۔