وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی غیراخلاقی حرکت پر پیمرا نے نوٹس لیا۔فائل فوٹو
وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی غیراخلاقی حرکت پر پیمرا نے نوٹس لیا۔فائل فوٹو

فیصل واوڈا نے کاشف عباسی کا پروگرام 2ماہ کیلیے بندکرا دیا

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کی پروگرام میں انوکھنے انداز میں شرکت نے صحافی کاشف عباسی کو بڑی مشکل میں ڈال دیاہے۔

تفصیلات کے مطابق دو روز قبل فیصل واوڈا نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں کالے رنگ کا بڑا سا بوٹ لے کرآ گئے اوراسے سامنے ٹیبل پر رکھ کرانہوں نے اپوزیشن پارٹیوں پرتنقید کے تیر برسادیے جس پر ان کے ساتھ پروگرام میں شرکت کرنے والے پیپلز پارٹی قمرالزمان قائرہ اور ن لیگ کے جاوید عباسی پروگرام چھو ڑکرچلے گئے۔

وفاقی وزیر فیصل واوڈا کی اس غیراخلاقی حرکت پر پیمرا نے بھی نوٹس لے لیا اورکاشف عباسی کے پروگرام پر 60 روز کی پابندی عائد کردی ہے اور اس کے ساتھ ہی صحافی کو بھی کسی بھی ٹی وی چینل پرآنے سے 60 روز کیلیے روک دیا۔

یمرا نے پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا کہ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ” آف دی ریکارڈ “ 14 جنوری کو نشر کیا گیا جس میں فیصل واوڈا، قمر زمان قائرہ اور جاوید عباسی نے بطور مہمان شرکت کی ، شو کے دوران فیصل واوڈا نے موضوع پراپنا اظہار خیال کرتے ہوئے نہایت ہی غیراخلاقی عمل کیا ، فیصل واوڈا کی جانب سے جو جملے کہے گئے وہ نہ صرف غیر سنجیدہ اور حقارت آمیزتھے بلکہ ایک ریاستی ادارے کی تذلیل کرنے کی کوشش بھی تھی ۔

جبکہ اس معاملے کے دوران صحافی کاشف عباسی نے غیر پیشہ وارانہ رویے کا مظاہرہ کیا ، انہوں نے دراصل اس میں مداخلت کرتے ہوئے اسے روکا نہیں اوراس سارے واقعے پر پروگرام کے دوران مسکراتے رہے ۔

پیمرا نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نجی ٹی وی چینل کے پروگرا ” آف دی ریکارڈ “ پر60 روز کیلیے پابندی عائد کردی ہے جبکہ اس کے ساتھ ہی صحافی کاشف عباسی پربھی 60 روز تک کسی بھی پروگرام میں شرکت پر پابندی لگائی گئی ہے ۔

سینئر صحافی عمران خان نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ” کاشف عباسی کا پروگرام پیمرا نے اس لیے 2 ماہ کے لیے بند کر دیا کہ انکی حکومت کے ایک وزیر پروگرام میں پاک فوج کا بوٹ لائے اور اسے میز پر رکھ دیا۔ سزا کاشف عباسی کو ملی اور عزت بوٹ کو۔“

عمران خان کے اس ٹویٹ پر روف کلاسرا بھی میدان میں آئے اور انہوں نے ری ٹویٹ کرتے ہوئے جواب دیا کہ”ابھی شروعات ہیں، منگل کے بینہ اجلاس میں بہت کچھ ڈسکس کیا گیا جس کی تفصیلات VLOGمیں دی ہیں،حکومت اور بوٹ والی سرکاراب سارا غصہ ٹی وی چینلزاوراینکرز پرہی نکالے گی۔ میڈیا کوایک ایک کرکے مارا جائے گا سعودی چینی ماڈل پر۔ چینل مالکان اوراینکرزنے تابعداری بھی بہت دکھائی تھی۔“

خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں ’بوٹ‘ ٹیبل پر رکھ کراپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں فیصل واوڈا نے ’بوٹ‘ ٹیبل پررکھا اورکہا کہ مسلم لیگ (ن) نے لیٹ کر بوٹ کو عزت دی ہے، بوٹ کو چوم کر عزت دی ہے، کوئی شرم اور حیا ہے؟ قوم نے ان کی اصلیت دیکھ لی۔