وزیراعظم عمران خان کے ساتھ علمائے کرام کی نشست بہت تفصیلی اورکامیاب رہی۔فائل فوٹو
وزیراعظم عمران خان کے ساتھ علمائے کرام کی نشست بہت تفصیلی اورکامیاب رہی۔فائل فوٹو

وزیر اعظم سے علما کی ملاقات۔لاک ڈائون پر مکمل تعاون کی یقین دہانی

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تمام مسالک کے علما و مشائخ کا اجلاس ہوا جس میں علمائے کرام نے کوروناوائرس کے پیش نظر وزیراعظم عمران خان کی لاک ڈاؤن کی حکمت عملی کی بھرپورحمایت کی ہے۔

علما و مشائخ کےایک وفد نے آج اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور انہیں احتیاطی تدابیر کے حکومتی فیصلے پر عملدرآمد کےلیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

علمائے کرام نے اجلاس میں کہا کہ لاک ڈاؤن سے متعلق وزیراعظم کا موقف حقیقت پسندی پر مبنی اور زمینی حقائق کے عین مطابق ہے۔

وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے اجلاس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ علمائے کرام کی نشست بہت تفصیلی اورکامیاب رہی۔

انہوں نے کہا کہ نشست میں شریک تمام افراد نے وزیراعظم سے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے اور 20 نکاتی ایس او پیز پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔

وزیر مذہبی امورنے بتایا کہ اس جمعہ کو یوم توبہ اور یوم رحمت کے طور پر منایا جائے گا،جبکہ مدارس کے بچوں کیلئے بھی ٹیلی ایجوکیشن کا اہتمام کیا جائے گا۔

اجلاس میں وزیر مذہبی امور، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز ، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود، معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق نے شرکت کی جبکہ علمائے کرام کے وفد میں پیر امین الحسنا ت شاہ، پیر شمس الامین، پیر نقب الرحمن، مولانا محمد حنیف جالندھری،مولانا طاہر محمود اشرفی، علامہ راجہ ناصر عباس اور دیگر شامل تھے۔

اس کے علاوہ سندھ کےگورنر عمران اسماعیل، مفتی منیب الرحمن، مفتی تقی عثمانی اور علامہ شہنشاہ حسین نقوی بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اکاس میں شریک تھے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہورہے اجلاس میں صدرمملکت عارف علوی کی زیرصدارت اجلاس میں کیے گئے متفقہ فیصلوں پر بھی غور ہوا۔