مچھ کے علاقے پیرغائب میں پاک فوج کی گاڑی پٹرولنگ پرمامورتھی۔فائل فوٹو
مچھ کے علاقے پیرغائب میں پاک فوج کی گاڑی پٹرولنگ پرمامورتھی۔فائل فوٹو

بلوچستان میں دہشتگردی کے دو واقعات میں پاک فوج کے7 جوان شہید

بلوچستان میں بارودی سرنگ دھماکے اور دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے نائب صوبیدار سمیت 7 جوان شہید ہو گئے۔

آئی ایس پی آرکے مطابق گزشتہ رات مچھ کے علاقے پیرغائب میں پٹرولنگ پر مامور گاڑی بیس کیمپ واپس جاتے ہوئے بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی، واقعے میں جونیئر کمیشنڈ آفیسر سمیت 6 جوان شہید ہوگئے۔

شہدا میں نائب صوبیدار احسان اللہ خان، نائیک زبیر خان، نائیک اعجاز احمد، مولا بخش، نور محمد، گاڑی کا سویلین ڈرائیورعبدالجبار شامل ہیں۔

دوسری جانب کیچ کے علاقے میں امن دشمنوں سے لڑتے ہوئے پاک فوج کے سپاہی امداد علی نے جام شہادت نوش کیا۔

دونوں واقعات میں شہید ہونے والے اہلکاروں میں نائب صوبیدار احسان اللہ خان، نائیک زبیر خان، نائیک اعجاز احمد، نائیک مولا بخش، نائیک نور محمد اور ڈرائیور عبدالجبار بھی شہدا میں شامل ہیں۔

بلوچستان کے شورش زدہ صوبے میں پاک فوج پر حملے کا حال ہی میں یہ دوسرا بڑا واقعہ پیش آیا ہے۔ گزشتہ ہفتے بھی سڑک کنارے نصب بارودی مواد کے ذریعے فوج کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں 6 جوان شہید ہوگئے تھے۔