بحریہ ٹاؤن،گڈاپ، ملیر اورآس پاس کے علاقوں میں مزید بارش ہو سکتی ہے۔فائل فوٹو
بحریہ ٹاؤن،گڈاپ، ملیر اورآس پاس کے علاقوں میں مزید بارش ہو سکتی ہے۔فائل فوٹو

کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش۔کرنٹ لگنے سے5افراد جاں بحق

کراچی کے مختلف علاقوں میں آج پھر ہلکی بارش ہوئی جس کی وجہ سے کئی علاقوں میں بجلی بھی بند ہوگئی جبکہ کرنٹ لگنے سے5 افراد جاں بحق ہو گئے۔

 گلشن اقبال، ڈیفنس، ایف بی ایریا، گلستان جوہر، کورنگی،قیوم آباد، ناظم آباد،صدر،اورندی ٹائون اور دیگر علاقوں میں بارش کی وجہ سے حبس کا زور ٹوٹ گیا اور ٹھنڈی ہواؤں سے موسم خوشگوار ہوگیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق کریم آباد میں کام کے دوران مزدورکرنٹ لگنے سے جاں بحق ہو گیا،ماڈل کالونی میں گھر میں کرنٹ لگنے سے ایک شخص دم توڑگیا،کارساز روڈ پر موٹر سائیکل سوار بجلی کے ٹوٹے تاروں پر چڑھ گیا جس سے وہ ہلاک ہوگیا،جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 50 سالہ محمد رفیق ولد حیات محمد کے نام سے ہوئی ہے۔

اس کے علاوہ ناگن چورنگی کے علاقے مسلم ٹاؤن سیدہ مسجد اور الحاج ریسٹورنٹ کے قریب کرنٹ لگنے سے 10 سالہ بچہ اور 30 سالہ شخص جاں بحق ہوگئے۔

ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ کارساز پر ہونے والے افسوسناک واقعے سے آگاہ ہیں، واقعے کی تفصیلات سے متعلق تفتیش کررہے ہیں جب کہ کے الیکٹرک کی متعلقہ ٹیمیں بروقت امداد کے لیے موقع پر موجود ہیں۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آج تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، مون سون سسٹم شہر کے جنوب مشرق میں موجود ہے تاہم کل سے سمندری ہوائیں بحال ہونے پر گرمی کا زور ٹوٹ جائے گا۔

رواں مون سون اسپیل کے بعد کراچی کے موسم میں تبدیلی آئے گی جب کہ کراچی میں 15 جولائی کے بعد مون سون کا دوسرا اسپیل آسکتا ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات  کا کہنا تھا کہ بارش کا اسپیل آج شام تک ختم ہوجائےگا کیونکہ کل سے مون سون ہواؤں کا رخ پنجاب کی طرف ہوجائےگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی تھی کہ سندھ میں مون سون بارشوں کا سلسلہ 8 جولائی تک رہ سکتا ہے۔