پی ڈی ایم یوسف رضاگیلانی کی کامیابی کیلیے کوشش کریگی۔فائل فوٹو
پی ڈی ایم یوسف رضاگیلانی کی کامیابی کیلیے کوشش کریگی۔فائل فوٹو

حکومت کو گھر بھیجنے کیلیے کسی قوت کا سہارا نہیں لیں گے۔مولانا فضل الرحمن

مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ حکومت کو گھر بھیجنے کیلیے عوام کے علاوہ  کسی اور قوت کا سہارا نہیں لیں گے۔

 جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ غریبوں کا حال دیکھیں وہ بہت پریشان ہیں، کرنسی کی حیثیت وہ نہیں رہی جس سے خریداری کرسکیں، ووٹ کوعزت دو کا نعرہ اتنا بڑا ہوگیا کہ کسی کو گرفتارکرلیں، گزشتہ روزکے واقعے پرسندھ حکومت نے ندامت کا اظہارکیا۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ بدمعاشی ہم کس طرح قبول کرسکتے ہیں، چاہتے ہیں اس حکومت کو عوام گھر بھیجے، تحریک کو ہم آئین و قانون کے دائرے میں ہی آگے بڑھائیں گے، عوام کے علاوہ اور کسی قوت کا سہارا نہیں لیں گے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہمیں افسوس ہے کہ ہم اداروں کا نام کیوں لے رہے ہیں، ایسی نوبت نہیں آنی چاہیے تھی، ملکی سیاست میں اداروں کو ملوث نہیں ہونا چاہیے، ہم اداروں اوران شخصیات کا احترام کرتے ہیں۔

 سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ملک کو ایک قوم کی طرح دیکھنا چاہتے ہیں، ملک کوحقیقی جمہوریت کی پٹڑی پرلانا ہے۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ آئین نے ہرادارے کے کردارکا تعین کیا ہے،اب صرف ایک بات رہ گئی سلیکٹرکا نام لیا جائے یا نہیں، پی ڈی ایم کے جلسے بڑے شہروں میں ہو رہے ہیں، پی ڈی ایم کی کوشش ہے کہ حقیقی پارلیمنٹ کوبحال کرے، پی ڈی ایم چاہتی ہے کہ ادارے آئین میں رہ کرکام کریں۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ کیپٹن صفدرکا ووٹ کو عزت دو کا نعرہ ایک گناہ بن گیا، کیا یہ اتنی بڑی غلطی ہے کہ کیپٹن صفدراہلیہ کیساتھ موجود تھے اورکمرے کا دروازہ توڑ کرگرفتارکیا گیا، کیپٹن صفدرکے ساتھ بدمعاشی کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کے دھرنے کے معاہدے پرعملدرآمد نہیں کیا گیا، معاہدے پرعملدرآمد نہیں ہورہا اس لیے مزید بڑی تحریک چلارہے ہیں، محمود خان اچکزئی کی تقریرکی ویڈیو پوری سامنے لائی جائے، محمود خان اچکزئی کی تقریر دوسری زبانوں کے حوالے سے تھی۔
جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ کیپٹن (ر) صفدرکی گرفتاری کے موقع پر خاتون کے تقدس کا خیال نہیں رکھا گیا جب یہی پی ٹی آئی مزار پرہلڑ بازی کرتی رہی اس وقت نوٹس نہیں لیا گیا۔