دنیا بھر میں آج سائنس (سائنس برائے امن و ترقی) کا عالمی دن منایا جارہا ہے، پاکستان گلوبل انوویشن انڈیکس کی فہرست میں 113 سے 107 ویں نمبر پرجا پہنچا ہے۔
اقوام متحدہ کی جانب سے اس دن کو منانے کا مقصد سائنس کے فیوض و برکات کا اعتراف کرنا اور دنیا بھر کو اس کے مثبت اثرات سے آگاہی دینا ہے، رواں برس اس دن کا مرکزی خیال عالمی وبا (کرونا وائرس) کے تناظر میں سائنس کی اہمیت کا اعتراف کرنا ہے۔
آج کیسویں صدی میں ایسے افراد موجود ہیں جو سائنس کو برا کہتے ہیں اور اس ضمن میں سب سے پہلا نام اسلحے اور جان لیوا ایجادت جیسے جنگی ہتھیاروں کا لیتے ہیں۔
دنیا کو فائدہ پہنچانے والی سائنسی ایجادات کرنے والے سائنس دان انسایت کے محسن کہلائے۔ جیسے جان لیوا امراض سے بچاؤ کی دوائیں یا ایسی ایجادات جس سے انسان تکلیف اور جہالت سے گزر کر آسانی اور روشنی میں آپہنچا۔
پاکستان ان بدقسمت ممالک میں سے ایک ہے جہاں سائنسی تعلیم کا رجحان بہت کم ہے اور یہ دنیا میں سب سے کم سائنسی تخلیقات کرنے والے ممالک میں سے ایک ہے۔
گلوبل انوویشن انڈیکس کی سنہ 2020 کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جہاں دنیا کی سب سے کم سائنسی ایجادات تخلیق کی جاتی ہیں اور اس ضمن میں 131 ممالک میں پاکستان کا نمبر 107 واں ہے۔
اس فہرست میں سب سے پہلا نمبر سوئٹزر لینڈ کا ہے جہاں دنیا کی سب سے ایجادات اور سائنسی تحقیقات کی جاتی ہیں۔
2017 میں پاکستان کی پوزیشن 113 تھی جو اب 107 ہوچکی ہے تاہم اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ ملک میں سائنسی تعلیم کا منظر نامہ آئیڈیل ہوچکا ہے۔
پاکستان سائنس کے شعبہ میں ایک قابل فخر نام پیدا کرنے کا اعزاز ضرور رکھتا ہے جن کی ذہانت کا اعتراف دنیا بھرنے کیا۔ فزکس کے شعبہ میں اہم تحقیق کرنے والے ڈاکٹر عبدالسلام پہلے پاکستانی ہیں جن کی خدمات کے اعتراف میں انہیں نوبل انعام سے نوازا گیا۔
ایک اورنام پاکستانی نژاد نرگس ماولہ والا کا ہے جو اب دنیا کی صف اول کی درسگاہ میسا چوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی) کی ڈین بن چکی ہیں۔