شرپسندوں نے لفٹر اور موٹر سائیکلیں جلادیں، واقعہ کا مقدمہ درج کرادیا، ڈائریکٹر کے ایم سی
شرپسندوں نے لفٹر اور موٹر سائیکلیں جلادیں، واقعہ کا مقدمہ درج کرادیا، ڈائریکٹر کے ایم سی

کراچی: پرانی سبزی منڈی پرکے ایم سی انسدادتجاوزات کی ٹیم پرحملہ، 2زخمی

کراچی کے علاقے پرانی سبزی منڈی پر کے ایم سی کی انسداد تجاوزات ٹیم پر شرپسندوں نے حملہ کردیا، لفٹر اور 2 موٹر سائیکلوں کو نذر آتش کردیا، واقعے میں 2ارکان زخمی بھی ہوئے۔ سینئر ڈائریکٹر بشیر صدیقی کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کرادیا۔
سینئر ڈائریکٹر کے ایم سی بشیر صدیقی کا کہنا ہے کہ کراچی کے علاقے پرانی سبزی منڈی کے قریب عسکری پارک کے ساتھ فٹ پاتھ اور گرین بیلٹ پر آج (جمعرات کو) کے ایم سی انسداد تجاوزات ٹیم نے آپریشن کیا، یونیورسٹی روڈ پر محکمہ باغات کی طرف سے شروع ہونیوالی شجر کاری مہم کے سلسلے میں آپریشن کیا جارہا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ آپریشن کے دوران کچھ شر پسند عناصر نے انسداد تجاوزات ٹیم پر حملہ کیا، اس دوران ٹیم کے 2 اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ شرپسند افراد نے کے ایم سی کے لفٹر اور 2 موٹر سائیکلوں کو بھی نذر آتش کردیا۔
بشیر صدیقی کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد پولیس کی ٹیم نے حالات پر قابو پایا جبکہ فائر بریگیڈ کے عملے نے آگ پر قابو پایا تاہم لفٹر تقریباً تباہ ہوچکا ہے۔
شرپسندوں کے خلاف انسداد تجاوزات ٹیم کی مدعیت میں مقدمہ پی آئی بی تھانے میں درج کرادیا گیا۔ بشیر صدیقی کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر گلشن اقبال وحید احمد نے قبضہ مافیا کیخلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی۔
مقدمے میں سرکاری زمین پر قبضہ کرنا، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا، سرکاری ملازمین پر حملہ اور کار سرکار میں مداخلت کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔