کورونا ایس او پیز کی آڑ میں کچھ علاقوں میں دکانیں بند کچھ میں پولیس مبینہ بھتہ وصول کرکے کھولنے کی اجازت دے رہی ہے، مشتعل مظاہرین
کورونا ایس او پیز کی آڑ میں کچھ علاقوں میں دکانیں بند کچھ میں پولیس مبینہ بھتہ وصول کرکے کھولنے کی اجازت دے رہی ہے، مشتعل مظاہرین

ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر پولیس کا دکانداروں پر تشدد، مکینوں کا احتجاج

کراچی: ماڈل تھانے لیاقت آباد کے علاقے بی ایریا، بی ون ایریا، سندھی ہوٹل اور غریب آباد میں پولیس نے دکانیں کھولنے پر دکانداروں کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، پولیس کی جانب سے دکانداروں پر تشدد کے بعد علاقہ مکین مشتعل ہوگئے اور پولیس کے خلاف احتجاج شروع کردیا، احتجاج کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر مظاہرین پر لاٹھی چارج شروع کردیا جس پر مظاہرین مزید مشتعل ہوگئے اور پولیس کے خلاف نعرے بازی شروع کردی جس پر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے ہوائی فائرنگ شروع کردی جس سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔
اس موقع پر مشتعل مظاہرن کا کہنا تھا کہ کورونا ایس او پیز کی آڑ میں لیاقت آباد کے کچھ علاقوں کے دکانداروں پر تشدد کرکے دکانیں بند کروائی جارہی ہیں جبکہ کچھ علاقے پولیس نے مبینہ طور پر بھتہ وصول کرکے کھلوائے ہوئے ہیں اور جو پولیس کو پیسے نہیں دیتا اس کے کاروبار بند کرائے جارہے ہیں۔