آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں ووٹنگ ہوئی۔فائل فوٹو
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں ووٹنگ ہوئی۔فائل فوٹو

عبدالقیوم نیازی وزیر اعظم آزاد کشمیر منتخب ہو گئے

مظفرآباد۔تحریکِ انصاف کے امیدوار سردار عبدالقیوم نیازی آزاد کشمیر کے 13 ویں وزیرِ اعظم منتخب ہو گئے۔

سردار عبدالقیوم نیازی کو 33 ووٹ ملے ہیں، ان کے مقابل متحدہ اپوزیشن کے نامزد امیدوار چوہدری لطیف اکبر نے 15 ووٹ لیے۔

اس سے قبل نو منتخب اسپیکر چوہدری انوار الحق کی صدارت میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں وزیرِ اعظم آزاد کشمیر کے انتخاب کا مرحلہ مکمل ہوا اوران کے نام کا اعلان کیا گیا۔

طے کیے گئے طریقۂ کار کے مطابق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں ووٹنگ ہوئی، ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد تمام اراکین ایوان سے باہر چلے گئے، پھر ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی، گنتی مکمل ہونے پر گھنٹیاں بجائی گئیں۔

قبل ازیں پی ٹی آئی کی جانب سے عبدالقیوم نیازی کو وزیر اعظم آزاد کشمیر کیلیے میدان میں اتارا گیا جبکہ چوہدری لطیف اکبر متحدہ اپوزیشن کے امیدوار نامزد کیے گئے ۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ سردار عبدالقیوم نیازی مسلم کانفرنس چھوڑ کر پاکستان تحریکِ انصاف میں شامل ہوئے تھے۔سردار عبدالقیوم نیازی آزاد جموں کشمیر کے حلقہ ایل اے 17 پونچھ سے کامیاب ہوئے ہیں۔

اس حوالے سے چوہدری لطیف اکبر کا کہنا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون نے مشترکہ طور پر مجھے وزیرِ اعظم کا امیدوار نامزد کیا ہے، پی ٹی آئی کے صدر کو کوئی پوچھتا بھی نہیں، وہاں کھچڑی پکی ہوئی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میں ممبران سے کہتا ہوں کہ آزادیٔ کشمیر کو قریب تر کرنے کیلئے ہمیں ووٹ دیں، پہلے بھی پیپلز پارٹی کی حکومت کے دوران یہاں تاریخی کام کیئے ہیں۔

واضح رہے کہ 25 جولائی کو آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف نے 25سیٹیں جیتی تھیں ، ایک سیٹ پر الیکشن کمیشن کی جانب سے بعد میں الیکشن کرائے گئے ، وہ سیٹ بھی پی ٹی آئی کے حصے میں آئی جبکہ خواتین کی پانچ میں سے تین مخصوص نشستیں اور دیگر تین نشستوں پرکامیابی حاصل کرنے کے بعد پی ٹی آئی کی آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں32سیٹوں کیساتھ پوزیشن مستحکم ہے ۔