طبیعت بہتر ہونے پران کی بیرون ملک روانگی سے متعلق فیصلہ ہوگا۔فائل فوٹو
طبیعت بہتر ہونے پران کی بیرون ملک روانگی سے متعلق فیصلہ ہوگا۔فائل فوٹو

عمرشریف کی طبیعت بگڑنے کے باعث امریکا روانگی موخر

کراچی۔ معروف کامیڈین عمرشریف کی امریکا منتقلی کیلیے فلپائن سے آنیوالی ایئرایمبولینس کراچی ایئرپورٹ پر لینڈ کرگئی تاہم ان کی طبیعت کے باعث امریکا روانگی موخرکردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق عمر شریف کی علاج کے لیے امریکا روانگی موخرکردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق شہر کے نجی اسپتال میں زیرعلاج پاکستان کے عالمی شہرت یافتہ کامیڈین، ڈرامہ نگار اور فلم اسٹارعمر شریف کی حالت ایک مرتبہ پھر بگڑنے پر انہیں سی سی یو میں منتقل کردیا گیا ہے۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ اسپتال میں ڈائیلاسز کے دوران عمر شریف کا بلڈ پریشر کم ہوگیا تھا اور طبیعت بگڑنے پرانہیں سی سی یو وارڈ منتقل کیا گیا ہے، جہاں انہیں اگلے 48 گھنٹے تک زیر نگرانی رکھا جائے گا۔ جب کہ طبیعت بہتر ہونے پران کی بیرون ملک روانگی سے متعلق فیصلہ ہوگا۔

دوسری جانب سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق فلائٹ آئی ایف اے 1264 فلپائن کے منیلا ایئرپورٹ سے کراچی آئی ہے، ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ایئر ایمبولینس طیارے نے 11:56 بجے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا ہے۔

شیڈول کے مطابق انہیں لے جانے کے لیے ایئر ایمبولینس نے گزشتہ رات 11 بجے کراچی پہنچنا تھا مگر اتوار کو عمر شریف کی طبیعت زیادہ خراب ہونے کی وجہ سے فوری روانگی مؤخر کی گئی۔

واشنگٹن میں ان کے معالج اور پاکستانی مشہور اداکارہ ریما کے شوہر ڈاکٹر طارق شہاب نے عمر شریف کے علاج کے سلسلے میں تمام اقدامات اٹھائے ہیں۔

ڈاکٹر طارق شہاب کے مطابق طبیعت بہتر ہونے پر کامیڈین عمر شریف کو واشنگٹن کے طویل سفر پر روانہ کیا جاسکے گا۔

ایئر ایمبولینس میں عمر شریف کی فیملی کا کوئی فرد سفر نہیں کرے گا بلکہ یہ تمام افراد کمرشل پرواز سے امریکا روانہ ہوں گے۔