دارالعلوم دیوبند کی جانب سے نوٹس پراپنا جواب جمع کرادیا گیا ہے۔فائل فوٹو
دارالعلوم دیوبند کی جانب سے نوٹس پراپنا جواب جمع کرادیا گیا ہے۔فائل فوٹو

دارالعلوم دیوبند کی ویب سائٹ بند کرنے کا حکم

سہارنپور:بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع سہارنپور میں مسلمانوں کی دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند  کی ویب سائٹ بند کرنے کا حکم دے دیا گیا۔

دارالعلوم دیو بند کی جانب سے فتویٰ دیا گیا تھا کہ گود لیے گئے بچے کو سگے بچے کے برابر حقوق نہیں مل سکتے۔ اس پر بھارت کے نیشنل کمیشن فار پروٹیکشن آف چائلڈ رائٹس (این سی پی آر سی پی) نے نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ یہ فتویٰ قانون کی خلاف ورزی ہے۔

این سی پی آر سی پی کی جانب سے  دارالعلوم دیوبند کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ تحقیقات مکمل ہونے تک اپنی ویب سائٹ بند کرے۔

این سی پی آر سی پی کے مطابق دارالعلوم دیوبند کی جانب سے نوٹس پراپنا جواب جمع کرادیا گیا ہے جس کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

خیال رہے کہ دارالعلوم دیوبند نے اپنے فتویٰ میں کہا تھا کہ بچے کو گود لینا ناجائز نہیں ہےلیکن محض بچہ گود لینے سے اس پر اصل بچے کا قانون لاگو نہیں ہوگا، بلکہ یہ ضروری ہوگا کہ بالغ ہونے کے بعد  اس سے شرعی پردہ کیا جائے۔ فتوی ٰ میں مزید کہا گیا ہے کہ گود لینے والے بچے کو جائیداد میں کوئی حصہ نہیں ملے گا اور یہ بچہ کسی صورت وارث نہیں ہوگا۔

دوسری جانب سہارنپور کے ضلعی مجسٹریٹ اکھلیش سنگھ کا کہنا ہے کہ دارالعلوم دیوبند کو ویب سائٹ بند کرنے کا نہیں بلکہ متنازع فتووں کے لنکس اس وقت تک ہٹانے کا حکم دیا ہے جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہوجاتیں۔