پاکستان اور سری لنکا میچ
پاکستان اور سری لنکا میچ

ایشیا کرکٹ کا سلطان کون؟ پاکستان اورسری لنکا کے درمیان فیصلہ کن معرکہ آج ہوگا

دبئی : ایشیا کپ  کےلیے آج پاکستان اور سری لنکا کے درمیان فیصلہ کن مقابلہ ہو گا۔ فائنل میچ پاکستانی وقت کے مطابق  آج شام 7 بجے دبئِی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

سری لنکا نے فائنل سے دو دن قبل پاکستان کو آخری سپر فور میچ میں پانچ وکٹ سے شکست دی تھی۔ پاکستان سپر فور مرحلے کے دیگر دونوں میچ جیت کر فائنل میں پہنچی ہے۔

جبکہ سری لنکا کو ایشیا کپ  ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں افغانستان نے شکست دی لیکن اس کے بعد وہ لگاتار چار اور سپر فور مرحلے کے تمام تین میچ جیت کر فائنل میں پہنچی ہے۔

کپتان بابر اعظم  کا کہنا ہے کہ بحثیت ٹیم اس وقت ہمارا ایک ہی ہدف ہے کہ ہم فائنل میں اچھا پرفارم کریں اور ٹورنامنٹ جیتیں۔

بابر اعظم نے سپر فور مرحلے کے میچ میں شکست کو سیکھنے کا تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم میٹنگ میں اپنی کارکردگی کا جائزہ لیں گے، غلطیوں سے سبق سیکھ کر فائنل میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے،ٹیم گذشتہ دونوں میچز میں اچھی بیٹنگ نہیں کرسکی،البتہ فاسٹ بولرز کی کارکردگی نے متاثر کیا،پاکستان نے ہمیشہ اچھے پیسرز پیدا کیے ہیں۔

قبل ازیں سری لنکا نے سپر فور مرحلے میں پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی، لنکن ٹائیگرز نے 122 رنز کا ہدف محض 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا تھا جبکہ میچ میں ہسرنگا نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دیکھائی تھی۔

 

کپتان ڈاسن شناکا نے کہا کہ ہمارے سلو بولرز کی زبردست ورائٹی اور ویری ایشن ہے،آف اسپنر، لیگ اسپنرز سمیت تمام ہتھیار ہمیں میسر ہیں، فائنل میں اگر پاکستان کی ابتدا میں ہی وکٹیں گرانے میں کامیاب ہوئے تو اسے دباؤ میں لا سکتے ہیں،انھوں نے کہا کہ پیسرز کو لائن و لینتھ کا دھیان رکھنا ہوگا، فاضل رنز پر قابو پانا بھی اہم ہے۔

یاد رہے کہ دبئی میں کنڈیشنز اور گذشتہ میچز کے نتائج کو دیکھتے ہوئے ٹاس جیتنے والی ٹیم پہلے بولنگ کو ترجیح دیتی ہے،اتوار کو بھی یہی فیصلہ متوقع ہوگا۔

 

واضح رہے کہ قومی ٹیم دو بار ایشیاکپ کا خطاب جیت چکی ہے جبکہ بھارت نے ٹورنامنٹ میں 7 مرتبہ جبکہ سری لنکا 5 مرتبہ ٹرافی اٹھانے میں کامیاب رہا۔