ہلال احمر  کے تحت سیلاب متاثرہ گھرانوں میں امدادی سامان تقسیم

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ہلال احمر کیجانب سے لاڑکانہ،جیکب آباد 1000 متاثرہ گھرانوں میں امدادی سامان تقسیم کیا گیا ۔امدادی پیکیج میں گھریلو سامان،تارپولین شیٹس، کمبل اور فیملی ٹینٹ شامل ہیں ۔ جیکب آباد میں بھی اِس حوالے سے   تقریب سینٹ جانز گرامر سکول میں منعقد کی گئی جسں میں 500 گھرانوں میں امدادی سامان تقسیم کیا گیا۔ تقریب میں ایم پی اے محمد اسلم آبڑو نے شرکت کی۔ہلالِ احمر پاکستان کے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری نے متاثرہ افراد میں امدادی پیکیج تقسیم کیا۔ امدادی پیکیج میں گھریلو ضرورت کا سامان جس میں کچن سیٹ، 2 تارپولین شیٹس، 2 کمبل اور ٹینٹ شامل ہے۔ اِس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین ہلالِ احمر جناب سردار شاہد احمد لغاری نے کہا کہ ہلالِ احمر پاکستان انسانیت کی خدمت میں ہمیشہ سے پیش پیش ہے۔متاثرین سیلاب کی مدد، خدمت اوّلین ترجیح ہے۔ ہلالِ احمر نے بلا امتیاز، بلا تفریق، بلا رنگ ونسل ہر متاثرہ گھرانے کی مدد کی ہے اور کررہے ہیں۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، طبّی سہولتیں، صحت و صفائی کے سامان کی تقسیم اور نفسیاتی امداد کے علاوہ گھریلو ضرورت کا سامان بہم پہنچا رہے ہیں۔ ہلالِ احمر دُکھی انسانیت کا مرہم ہے، ہم اپنے موومنٹ پارٹنرز اور دیگر اداروں کے اشتراک سے تعمیر نو، بحالی کیلئے مربوط حکمت عملی کے ساتھ کام کریں گے۔ ریسکیو، ریلیف میں ہلالِ احمر پاکستان نے گرانقدر کام کیا ہے۔ لاڑکانہ اور جیکب آباد میں امدادی پیکیج کی تقسیم ہلالِ احمر کی جانب سے اقدامات کا حصہ ہے۔ آج متاثرین کے چہروں پر مسکراہٹ دیکھ کر خوشی ہوئی، ہم تاریخ کی سب سے بڑی تباہی سے دوچار ہیں۔ آخری متاثرہ شخص کی بحالی تک ہلالِ احمر اپنا کام جاری رکھے گا۔قبل ازیں اس موقع پر احمد محمود فاروقی چیئرمین لاڑکانہ ڈسٹرکٹ برانچ پاکستان ریڈ کریسنٹ نے لاڑکانہ میں تباہ حال خاندانوں کو امداد فراہم کرنے پر سردار شاہد احمد لغاری اور ہلال احمر کے عملے کا شکریہ ادا کیا۔