نیا وزیر اعلٰی پنجاب لانےکا اختیار شجاعت کےحوالے

لاہور (نواز طاہر) پنجاب میں حکومت کی آئینی تبدیلی کی حکمت عملی تبدیل کی جارہی ہے جس کے تحت  حمزہ شہباز وزارت اعلٰی کے امیدوار نہیں ہون گے بلکہ نئے قائد ایوان کی نامزدگی کا اختیار مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کو دیے جانے کا امکان ہے اور ممکنہ طور پروزیر اعلٰی بھی مسلم لیگ ق سے لائے جانےکا امکان ہے جبکہ اس تبدیلی کی حتمی حکمت عملی اتحادی رہنماؤں کی مشاورت سے پیپلز پارٹی کے سربراہ آصف علی زرداری بنائیں گے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب میں ممکنہ آئینی تبدیلی کے نتیجے میں میاں حمزہ شہبازپنجاب کی وزارت اعلیٰ کے امید وار نہیں ہو ں گے،حمزہ شہباز نے خود ہی رضا کارانہ طور پر دستبردار پر رضامندی کا اظہار کیا ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں وفاقی حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کے درمیان طویل مشاورت کا سلسلہ جاری ہے ،تاہم مشاورت کے دوران مختلف تجاویز سامنے آئی ہیں جس میں حمزہ شہباز کے علاوہ مسلم لیگ ن سے تعلق ر کھنے والے دو ناموں پر بھی وزارت اعلیٰ کے لئے غور کیا گیا ،

مسلم لیگ ن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں نواز شریف نے سابق صدر آصف علی زرداری کو مشورہ دیا ہے کہ پنجاب میں تبدیلی کی صورت میں چوہدری شجاعت کے تعاون کرنے پر وزارت اعلیٰ کے لئے نامزدگی کا اختیار بھی چوہدری شجاعت کو ہی دیدیا جائے وہ جس کو بھی نامزد کریں وہ سب کو منظور ہوگا ، اس پر دیگر اتحادی جماعتوں نے بھی اس موقف کی تائید کی ہے ،  ،ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری اگلے ہفتے لاہور دورے کے دوران مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت سے ملاقات ہو گی،اس ملاقات کے دوران دونوں رہنما ایک دوسرے کو اعتماد میں لیں گے۔