ماں باپ کو قتل کرنے والے مجرم کو سزائے موت کا حکم

کوئٹہ: ماں باپ کے قتل کرنے والے مجرم کو سزائے موت سنا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق دکی کے ایڈیشنل سیشن جج نے ماں باپ کو قتل کرنے والے شخص کو جرم ثابت ہونے پر سزائے موت سنا دی۔ دکی کے علاقے کلی صدوزئی جنگل میں عثمان نامی شخص نے ڈیڑھ سال قبل فائرنگ کرکے اپنے والد باز محمد اور والدہ زردانہ بی بی کو قتل کردیا  تھا۔

مقتولین کے دوسرے بیٹے محمد یعقوب لونی کی مدعیت میں لیویز تھانہ مانزئی میں مجرم کے خلاف قتل اوراقدام قتل کے دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا۔

دکی کے ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر جمعرات کو دوہرے قتل کے کیس میں مجرم عثمان کو  سزائے موت جبکہ پستول برآمدگی کیس میں 5 سال قید کی سزا سنائی۔ مجرم عثمان کو عدالتی فیصلے کے بعد دکی عدالت سے مچھ  جیل منتقل کردیا تھا۔