لیکس کے ذریعے حکمرانوں کے کالے کرتوت بے نقاب ہو رہے ہیں،جاوید قصوری

لاہور: امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ لیکس کے ذریعے حکمرانوں کے بھیانک چہرے بے نقاب ہورہے ہیں۔عوام ان کے کالے کرتوت جان لیں اور ان ظالموں کو پہچان لیں ۔ مسلم لیگ نون، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف سب ایک ہی تھالی کے چٹے بٹے ہیں۔ ان کو نجات دہندے سمجھ کر ووٹ ڈالنے والے آئندہ عام انتخابات میںمحب وطن اور ایماندار قیادت کاساتھ دیں۔ جماعت اسلامی تمام لیکس کی جوڈیشنل انکوائری کا مطالبہ کرتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا امریکی سازش کا بیانیہ بھی قوم پر آشکار ہوچکا ہے۔ قوم کو گمراہ کرنے کا سلسلہ اب ختم ہو نا چاہئے۔ حساس معاملات کو ملکی سیاست کا حصہ بنانا درست اقدام نہیں۔ اپنے اقتدار کو بچانے کے لیے ، حساس نوعیت کے قومی معاملات اور بیرونی دنیا کے ساتھ تعلقات کو دائو پر لگا دینا ملک دشمنی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انتشار اور افراتفری کی طرف ملک کو دھکیلنے کی سوچی سمجھی سازش ہورہی ہے۔اقتدار کے حصول کی دوڈ میں شامل جماعتوں کو عوامی مسائل سے کوئی غرض نہیں ۔ ملک کے چار کروڑ افراد سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں ، عوام مہنگائی کے ہاتھوں مجبور ہو کر خودکشیاں کررہے ہیں مگر مجال ہے کہ کسی بھی بڑی سیاسی جماعت کے نام نہاد قومی لیڈر کو یہ احساس ہوا کہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔