نیازی سلیوٹ یا نازی سلیوٹ ؟ سوشل میڈیا صارفین کو ہٹلر کی یاد آگئی

پشاور: نیازی سلیوٹ یا نازی سلیوٹ ؟ عمران خان نے حکومت مخالف تحریک کو جہاد کا درجہ دیکر نوجوانوں سے حلف لیا، جیسے دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین کو ہٹلر کی یاد آگئی۔

سوشل میڈیا صارفین نے عمران خان کی جانب سے تحریک کو جہاد کا درجہ دینے پر آڑے ہاتھوں لیا۔ سوشل میڈیا صارفین نے حلف کو نازی ہٹلر سے جوڑا جبکہ کسی صارف نے نیازی سلیوٹ اور کسی نے نازی سلیوٹ کہا۔

حکومت مخالف تحریک کیلئے سابق وزیراعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کارکنوں سے گزشتہ روز حلف لیا تھا۔ کارکنوں سے تحریک کو جہاد سمجھ کر چلانے کا حلف لیا گیا۔ آزادی مارچ کی کامیابی کے لیے ہر قربانی دینے کا حلف لیا گیا۔

پشاور میں کارکنوں سے حلف لینے کے بعد خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاست نہیں جہاد کا وقت ہے، آزادی مارچ کی کال جلد دے سکتا ہوں، سب کو جہاد سمجھ کر حصہ لینا ہو گا۔

خیال رہے عمران خان کے علاوہ وزیراعلیٰ محمود خان، پرویز خٹک اورعلی امین گنڈا پور نے بھی حلف اٹھایا۔ بعد ازاں عمران خان کے حلف لینے کے انداز کو سوشل میڈیا پر صارفین نے اپنے انداز میں دیکھا۔