کراچی ،کرپشن کا الزام، سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا افسر معطل

کراچی (اُمت نیوز)کراچی میں مبینہ بدعنوانی اور کرپشن کے الزام میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے گریڈ 19 کے افسر مشتاق ابراہیم سومرو کو معطل کر دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ڈی جی ایس بی سی اے اسحاق کھوڑو نے مشتاق ابراہیم سومرو کی معطلی کا حکم نامہ جاری کیا اور خود سیکریٹری بلدیات کو خط لکھ کر اس سے آگاہ کیا۔
مشتاق سومرو پر مبینہ طور پر اینٹی کرپشن اور نیب کے نام پر بلیک میل کرنے کا بھی الزام تھا۔

ڈی جی ایس بی سی اے نے سیکریٹری لوکل گورنمنٹ کو مشتاق سومرو کے خلاف مزید کارروائی کے لیے بھی کہا ہے۔ڈائریکٹر لائسننگ اینڈ ریکارڈ مشتاق سومرو کی خدمات محکمہ لوکل گورنمنٹ کےحوالے کی گئی ہیں۔

حکام کا بتانا ہے کہ کرپشن میں ملوث 3 بلڈنگ انسپکٹرز بھی معطل کیے گئے ہیں اور ان کے خلاف انکوائری کے لیے اینٹی کرپشن کو خط لکھ دیا گیا ہے۔
ایس بی سی اے حکام کا مزید کہنا ہے کہ محکمۂ اینٹی کرپشن تحقیقات مکمل کرکے افسران کے خلاف مقدمات درج کرے گا۔