ضمنی انتخابات کیلئے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں، الیکشن کمیشن

اسلام آباد( اُمت نیوز)الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 16 اکتوبر کو ضمنی انتخابات کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں، رینجرز، آرمی اور ایف سی کی مناسب نفری متحرک کی جائے۔
الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ کو خط کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایجنسیز کی سورس رپورٹ کی روشنی میں سیکیورٹی کے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔
سیکریٹری الیکشن کمیشن عمر حمید نے سیکریٹری دفاع اور سیکریٹری داخلہ کو خط میں کہا کہ اس وقت ملک میں سیاسی ماحول گرم ہے، سیلاب نے صورتحال نازک بنا دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پر امن انتخابات کے انعقاد کے لیے سیکیورٹی انتظامات میں اضافہ کیا جائے۔
الیکشن کمیشن کے خط میں کہا گیا کہ مختصر ترین وقت میں کوئیک رسپانس فورس اپنا کام کرے۔
ای سی پی کا کہنا تھا کہ 23 اکتوبر کو کراچی بلدیاتی انتخابات میں فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے جائیں۔
الیکشن کمیشن نے مزید کہا کہ شفاف اور منصفانہ انتخابات الیکشن کمیشن کی جبکہ ضروری اقدامات کرنا صوبائی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ پولیس کو حساس علاقوں میں آرمی، رینجرز اور ایف سی کی معاونت کرنے دی جائے۔
خط میں کہا گیا کہ امن و امان کی صورت حال برقرار رکھنے کے لیے انتظامات کیے جائیں۔
ای سی پی نے مزید کہا کہ ضرورت پڑنے پر آرمی، ایف سی اور رینجرز بطور بیک اپ موجود ہوں گے۔