ہوائی فائرنگ مقدمہ

مردان، ہوائی فائرنگ پر ملک شوکت کیخلاف مقدمہ درج

ضمنی الیکشن جیتنے کی خوشی میں پی ٹی آئی کے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی ملک شوکت کی ہوائی فائرنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے
مردان (اُمت نیوز)مردان کے حلقہ این اے 22 میں عمران خان کے ضمنی الیکشن جیتنے کی خوشی میں پی ٹی آئی کے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی ملک شوکت کی ہوائی فائرنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔
پولیس نے ہوائی فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ایم پی اے کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ ملک شوکت پی کے 48 مردان سے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی ہیں ۔
ڈی پی او عرفان خان کا کہنا ہے کہ ملک شوکت کو جلد قانون کے گرفت میں لایا جائے گا۔
ایم پی اے ملک شوکت نےمیڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اپنے قائد کی جیت پر جذباتی ہوگیا تھا،خوشی کے اظہار کے لیے ہوائی فائرنگ کی ہے۔
واضح رہے کہ اتوار کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں این اے 22 مردان 3 کے تمام 330 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتیجے کے تحت پاکستان تحریک انصاف کے عمران خان 76681 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔
جمعیت علمائے اسلام کے محمد قاسم 68181 ووٹ حاصل کرسکے اور انہیں 8500 ووٹوں سے شکست ہوئی۔