آرمی چیف ناروے سفیر ملاقات

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ناروے کے سفیر کی ملاقات

راولپنڈی(امت نیوز) ناروے کے سفیر پیرالبریٹ السیس نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کے دوران علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے ہر سطح پر سفارتی تعاون بڑھانے کے لیے کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سپہ سالار سے ناروے کے سفیر پیرالبریٹ السیس نے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں شخصیات نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ نارویجئن سفیر نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات پر دکھ کا اظہار کیا۔
انہوں نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور ہر سطح پر سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم کیا۔