سوچے سمجھے بغیر دیے گئے بیان کے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔فائل فوٹو
سوچے سمجھے بغیر دیے گئے بیان کے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔فائل فوٹو

بھارت کے انکار پرپاکستان کرکٹ بورڈ کا زور دار مؤقف

لاہور:ایشین کرکٹ کونسل کے صدر جے شاہ کے ایشیا کپ پاکستان سے بیرون ملک منتقل کرنے کے بیان پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے زور دار مؤقف اپناتے ہوئے باضابطہ بیان جاری کردیا ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے اپنے ردعمل میں کہاہے کہ پی سی بی کو صدر اے سی سی جے شاہ کے بیان پر حیرت اور مایوسی ہوئی، یہ بیان اے سی سی بورڈ یا پی سی بی سے مشاورت کے بغیر دیا گیاہے ، سوچے سمجھے بغیر دیے گئے اس بیان کے منفی اثرات مرتب ہوں گے ،جے شاہ کے بیان پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے اے سی سی کا ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست بھی کردی ۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ جے شاہ کا یہ بیان اے سی سی اورآئی سی سی کو تقسیم کرنے کے مترادف ہے ، ایشیا کپ پاکستان سے منتقلی کا بیان یکطرفہ ہے ، اس کے اثرات نہ صرف 2023 ءمیں بھارت میں شیڈول ورلڈکپ بلکہ 2024 ءسے 2031 ءتک بھارت میں ہونے والے تمام ایونٹس پر بھی ہوگا ۔

ترجمان پی سی بی کا کہناتھا کہ جے شاہ کے بیان سے 2023 ءمیں بھارت میں شیڈول ورلڈ کپ میں پاکستان کی شرکت پر اثرات مرتب ہو سکتے ہیں جبکہ 2024 ءسے 2031 ءتک بھارت میں شیڈول ایونٹس پر بھی پاکستان کی شرکت کے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں ۔