انقلاب کی باتیں کرنیوالے مرضی کی ایف آئی آر نہ کرا سکے، وزیر داخلہ

اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ انقلاب کی باتیں کرنے والے اپنی مرضی کی ایف آئی آر نہ کرا سکے۔ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 10 سے 15 لوگ ٹائروں کو آگ لگا کر سڑک بند کر دیتے ہیں اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما ویڈیو بنا کر اپنی قیادت کو بھیج دیتے ہیں۔ آمدورفت کے راستے کھلے رکھنا صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومتیں اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داری کو پورا کریں تاہم ہم صوبائی حکومتوں کو آئینی حدود میں لائیں گے جبکہ ہائیکورٹس اور سپریم کورٹ راستے بند کرنے کا نوٹس لیں۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مٹھی بھر لوگ گاڑی میں آتے ہیں اور ٹائر جلا کر روڈ بند کر دیتے ہیں جبکہ عوام نے فتنہ فساد مارچ کو مسترد کر دیا ہے۔ چند لوگوں کے احتجاج کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین اور قانون میں رہتے ہوئے احتجاج کریں لیکن انتشار نہ پھیلائیں۔ عام آدمی کو تکلیف پہنچانے کی کوشش ملک دشمن ایجنڈا ہے۔ مٹھی بھر لوگوں کی حفاظت نہ کریں بلکہ انہیں وہاں سے بھگائیں اور عدالت عالیہ سے اپیل ہے کہ اس صورتحال کا نوٹس لے۔