کراچی، شوہرنے بیوی کو چھری کے وار سے مار ڈالا

کراچی: قصبہ موڑ اسلامیہ کالونی میں شوہر نے بیوی کو چھری کے وار کر کے قتل کر دیا اور فرار ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق پیرآباد کے علاقے قصبہ موڑ اسلامیہ کالونی پراچہ اسپتال کے قریب گھر میں جھگڑے کے دوران تیز دھار آلے کے وار سے ایک خاتون زخمی ہوگئی، زخمی خاتون کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں خاتون دوران علاج خون زیادہ بہہ جانے کے باعث زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئی۔

جاں بحق ہونے والی خاتون کی شناخت 50 سالہ یاسمین زوجہ صابری کے نام سے کی گئی۔ ورثا نے پولیس کارروائی کروانے سے انکار کر دیا اور لاش گھر لے گئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کو اس کے شوہر نے گھریلو جھگڑے کے دوران چھری کے وار سے کر کے قتل کیا اور موقع سے فرار ہوگیا، مقتولہ کی لاش کے ہمراہ آنے والے درجنوں افراد شدید مشتعل تھے۔