الیکشن کمیشن میں توشہ خانے کے تحائف کی فہرست کے مطابق عمران خان کو 160 تحائف ملے۔فائل فوٹو
الیکشن کمیشن میں توشہ خانے کے تحائف کی فہرست کے مطابق عمران خان کو 160 تحائف ملے۔فائل فوٹو

عمران خان نے 105 ملین روپے کے تحائف38 ملین میں خریدے۔ سربراہ پلڈاٹ

لاہور:پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف لیجسلیٹیو ڈیولپمنٹ اینڈ ٹرانسپیرنسی (پلڈاٹ) کے سربراہ احمد بلال محبوب کا کہنا ہے کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے وزارتِ عظمیٰ کے دوران ملنے والے 105 ملین روپے مالیت کے تحائف 38 ملین ادا کرکے اپنے پاس رکھے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں احمد بلال محبوب نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن میں توشہ خانے کے تحائف کی فہرست کے مطابق عمران خان کو 160 تحائف ملے۔

انہوں نے کہا کہ توشہ خانے کے تحائف کی فہرست کے مطابق عمران خان کو 3 سال میں 148 ملین روپے کے تحائف ملے۔سربراہ پلڈاٹ نے کہا ہے کہ عمران خان نے 55 تحائف مفت اور 53 تحائف 37.9 ملین روپے ادا کر کے اپنے پاس رکھے، پی ٹی آئی چیئرمین کی جانب سے پاس رکھے گئے تحائف کی کل مالیت 104.78 ملین روپے بنتی ہے۔

احمد بلال محبوب کا کہنا ہے کہ حکومت کو ادا کی گئی رقم تخمینہ شدہ قیمت کا 27 فیصد ہے۔انہوں نے کہا کہ تحائف میں 97.91 ملین روپے مالیت کی 7 گھڑیاں شامل تھیں، عمران خان نے رقم ادا کرنے کے بعد گھڑیاں اپنے پاس رکھیں، ان گھڑیوں کی قیمت عمران خان کے پاس رکھے گئے تمام تحائف کا 69 فیصد ہے۔ پلڈاٹ کے سربراہ نے مزید کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کی تمام تفصیلات کابینہ ڈویژن کی ویب سائٹ پر دی جائیں، خصوصاً مشرف، نواز شریف اور آصف زرداری کی توشہ خانے کی تفصیلات ویب سائٹ پرڈالی جائیں۔