کراچی ایئرپورٹ: کروڑوں روپے مالیت کے آئی فون اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

کراچی: ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ ایئرپورٹ کراچی نے 1کروڑ  روپے مالیت کی الیکٹرانک اشیاء کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔ تفصیلات کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر شارجہ سے آنے والے دو پاکستانی مسافروں معیز علی اور کاشف بٹ کے سامان کو چیک کیا گیا جس کے پاس سے موبائل فونز اور الیکٹرانک اشیاء  بر آمد ہوئی ہیں۔

 کسٹمز ترجمان کے کے مطابق مسافروں کے سامان کی مکمل ایگزامینیشن کے دوران بھاری تعداد میں موبائل فونز ،موبائل ٹیبلیٹ، اسمارٹ واچز، اسمارٹ ریسٹ بینڈ اور فوڈ اسٹف برآمد کیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ اسمگل شدہ موبائل الیکٹرونک اشیاء کی کسٹم ڈیوٹی اور ٹیکسز  52 لاکھ روپے بنتی ہیں، برآمد شدہ سامان کو ضبط اور دونوں مسافروں کو گرفتار کر کے کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا۔

حکام نے بتایا کہ مسافروں کا مجاز عدالت سے ریمانڈ حاصل کر کے مزید تفتیش کی جارہی ہے، جب کہ اس کے علاوہ دوسری کاروائی میں انٹرنیشنل ڈپارچر لاونج میں کسٹمز عملے نے دبئی جانے والے مسافر کے سامان  سے مقدار سے زیادہ کپڑا برآمد کر کے ضبط کیا ہے۔