گلگت بلتستان کےضلع شگر کا اعزاز،پہلی ویمن مارکیٹ قائم ہو گئی

 

گلگت بلتستان نے اس لحاظ سے منفرد اعزاز حاصل کر لیا ہے کہ وہاں  کی حکومت نے ضلع شگرمیں ہنرمند خواتین کوکاروباری مواقع دینے کیلئے اپنی نوعیت کی پہلی ویمن مارکیٹ قائم کر دی ہے جہاں دکاندار اور خریدار صرف خواتین ہیں ،مردوں کا کوئی عمل دخل نہیں ہو گا۔

واضح رہے کہ تاریخی اعتبار سے شگر ہیڈ کوارٹر کی یہ قدیم ترین مارکیٹ ہے جو 100 سال پرانے ڈوگرا دور میں قائم کی گئی تھی۔ اب گلگت بلتستان کی صوبائی حکومت نے بوسیدہ دکانوں کی تعمیر نو کے بعد اس جگہ پہلی خواتین مارکیٹ قائم کر دی ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق 18 دکانوں پر مشتمل اس ویمن مارکیٹ میں ہنر مند خواتین نے اپنے ذاتی کاروبار کا آغاز کر دیا ہے ۔اس مارکیٹ میں خواتین نے درزی، بیوٹی پالر، بیکری، ریسٹورنٹ، ڈرائی فروٹ، کپڑوں اور جوتوں کی دکانیں کھول لی ہیں جہاں خواتین آزادی سے خریدو فروخت کر سکتی ہیں۔