لاہور: لڑکی نے پسند کی شادی کرنے کیلئے بھائی کو قتل کروادیا

لاہور :  لڑکی نے پسند کی شادی کرنے کے لئے اپنے محبوب کے ساتھ مل کرسگے بھائی کو قتل کروادیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے کوٹ لکھپت میں 24 نومبر کو عدنان نامی نوجوان کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ پولیس نے کئی روز کی تفتیش کے دوران ملنے والے شواہد کی روشنی میں متقل کی بہن آسیہ کو گرفتار کرلیا ہے۔

ملزمہ آسیہ نے انگریزی میں ایم اے کررکھا ہے اور وہ اپنے ماموں زاد وقاص سے شادی کرنا چاہتی تھی جب کہ عدنان بہن کی شادی کسی دوسرے نوجوان سے کرانا چاہتا تھا۔ آسیہ اپنی پسند کی شادی کے لیے بھائی کو قتل کرانے پر تل گئی، اس نے وقاص کے ساتھ مل کر کرائے کے قاتل کی خدمات حاصل کی اور اس کام کے لئے 2 لاکھ 70 ہزار روپے ادا کئے۔ عدنان کے قتل کے لیے آسیہ کا ساتھ اس کے ایک اور کزن نے دیا۔ کرائے کے 2 قاتلوں نے 24 نومبر کو عدنان کو قتل کردیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ قاتلوں تک ملزمان کے موبائل فون کے ڈیٹا اور جائے وقوعہ پر ملنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے پکڑے گئے۔ آسیہ، اس کے ایک کزن اور 2 قاتلوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ وقاص اس وقت اٹلی میں ہے جس کی گرفتاری کے لیے ریڈ وارنٹ جاری کروائے جائیں گے۔