اسٹریٹ لائٹس فعال

شہر میں اسٹریٹ لائٹس کو فعال حالت میں رکھا جائے،ایڈمنسٹریٹر

کراچی: ایڈمنسٹریٹرکراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمن نے کہا ہےکہ شہرکی سڑکوں کو روشن رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ متعلقہ ادارے کرداراداکریں،تاریکی کے باعث اسٹریٹ کرائمز میں اضافہ کی شکایات سامنے آئی ہیں، ہر ممکن کوشش ہے کہ اسٹریٹ لائٹس کو بہتراور فعال حالت میں رکھاجائے، کےالیکٹرک کے ساتھ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے واجبات کامعاملہ باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے حل کیاجائے گا۔

 

شہر کے وسیع ترمفادمیں تمام اقدامات کئےجارہے ہیں جن کے بہتر نتائج سامنے آئیں گے،یہ بات انہوں نےکےالیکٹرک اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ قانون کے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر کےالیکٹرک چیف ڈسٹری بیوشن آفیسرعامرضیا،جنرل منیجر فرید احمد، ڈائریکٹرحارث جمیل، قانونی امور کے سربراہ عرفان علی شاہ، انوارملک، کےایم سی کی مشیرقانون عذرامقیم، ایڈوکیٹ عمر لاکھانی، ایس حسن عابدی،اشفاق احمد، سپرنٹنڈنٹ انجینئر انیس احمدخان و دیگر بھی موجود تھے۔

 

ایڈمنسٹریٹرکراچی نےکہا کہ میونسپل یوٹیلیٹی چارجز ٹیکس کے بلوں کی وصولیابی کے حوالے سے کیس عدالت میں زیر سماعت ہے جس کے لئے مشیر قانون بلدیہ عظمیٰ کراچی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مکمل تیاری کے ساتھ وکلاء کو عدالت میں سماعت کے لئے بھیجیں تاکہ عدالت کو جو بھی دستاویز یا تفصیلات درکار ہیں وہ فوری فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے کے الیکٹرک کےوفد سےکہاکہ کراچی کو بہتر بنانے کے لئے تمام شہری اداروں کا باہمی رابطہ اور تعاون ضروری ہے، اسٹریٹ لائٹس شہر کی اہم ضرورت ہے لہٰذا کے الیکٹرک اس ضمن میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ شہر کی سڑکیں روشن رہیں اور شہریوں کو سہولت ملے۔

 

انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک اپنی تنصیبات کو بھی بہتر بنائے، بلدیہ عظمیٰ کراچی اس سلسلے میں ہر ممکن تعاون کرے گی،شہری اداروں کے مابین بہتر رابطے کے بغیر مطلوبہ مقاصد حاصل نہیں کئے جاسکتے، ہم سب کا ایک ہی مقصد ہے اور وہ شہر یوں کو سہولت پہنچانا ہے جس کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں اور تمام متعلقہ اداروں سےمشاورت اور رابطوں کا عمل جاری ہے۔