15جنوری کو بلدیاتی الیکشن نہیں ہونےدیں گے،متحدہ کی دھمکی

کراچی(امت نیوز) ایم کیوایم پاکستان نے دھمکی دی ہے کہ اگر حلقہ بندیاں ٹھیک نہ ہوئیں تو 15جنوری کو بلدیاتی الیکشن نہیں ہونے دیں گے ۔متحدہ کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ حلقہ بندیاں ٹھیک کردیں الیکشن لڑ لیں گے ورنہ ہم ”لڑیں“ گے۔فاروق ستار بولے شارع فیصل پر دھرنا دے دیں تو دیکھتے ہیں پھر 15 جنوری کا الیکشن کیسے ہوتا ہے؟

یہ بات انہوں نے کراچی میں ایم کیوایم کے دھڑوں کے انضمام کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔

چیئرمین پاک سرزمین پارٹی مصطفیٰ کمال اور بحالی کمیٹی کے سربراہ فاروق ستار ایم کیو ایم مرکز بہادرآباد پہنچے اس موقع پر مصطفیٰ کمال نے پی ایس پی کی ایم کیو ایم میں شمولیت کا اعلان کردیا۔فاروق ستار نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان میں ضم ہوگئے

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ مشترکا کاوشیں رنگ لائی ہیں، مصطفیٰ کمال، فاروق ستار اور ان کے ساتھیوں کا خیر مقدم کرتا ہوں۔قوم میں مایوسی پیدا کرنے والوں کو آج مایوسی ہو رہی ہے،

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پندرہ جنوری کو الیکشن نہیں ہونے دیں گے، کل حلقہ بندیاں ٹھیک کرلیں، پرسوں ہم الیکشن لڑ لیں گے، اگر حلقہ بندیاں درست نہ ہوئیں تو پھر ہم ”لڑیں“ گے۔کیونکہ جب ووٹ فیصلہ نہیں کرتا تو روڈ کا فیصلہ ہوتا ہے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ بار بار وضاحتیں نہیں دیں گے، ریاست مخالف نعرے اور نعرے لگانے والے دونوں کو مسترد کر چکے ہیں، 2018 کے الیکشن میں کراچی سے ایم کیو ایم کو ہرایا گیا ، کراچی کے انجن کے ذریعے پاکستان کی ٹرین کو اس کی منزل تک پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آر ٹی ایس بیٹھتا رہا تو پاکستان کی جمہوریت بھی بیٹھ جائے گی، 2018 میں جو جیتے وہ حیران تھے، جنہوں نے جتوایا وہ پریشان ہوگئے، حلقہ بندیاں ٹھیک کرلیں، پھر بھلے کل ہی الیکشن کرالیں۔

پریس کانفرنس کے دوران فاروق ستار نے کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومت سے الگ ہوجانا چاہیے، جس پر خالد مقبول صدیقی نے فاروق ستار کو ٹوکتے ہوئے کہا کہ پالیسی اسٹیٹمنٹ نہ دیں۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ آج تاریخی دن ہے، آج نہ سمجھ میں آنے والے فیصلے ہونے جا رہے ہیں، الطاف حسین سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں تھی، جو کچھ بٹتا تھا، سب کو ملتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آج مصطفیٰ کمال اور اس کے ساتھی ایک اور ہجرت کر رہے ہیں، یہ ہجرت پی ایس پی سے ایم کیو ایم کی طرف ہے۔

مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آصف زرداری کا ارادہ ہے کہ بلاول کو وزیراعظم پاکستان بنائیں، بلاول کو وزیراعظم بنانا ہے تو کراچی کو ساتھ لے کر چلنا پڑے گا، پاکستان چلانے والوں سے گزارش ہے کہ اب کراچی کے لوگوں کے دکھوں کا مداوا کرنے کا وقت ہے۔اسٹیبلشمنٹ سے کہتا ہوں، کراچی کے نوجوانوں کو ایک بار مکمل معافی دی جائے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ آج ایک متحرک اور منظم ایم کیو ایم شروع کرنے جا رہے ہیں، ایک ری برانڈڈ ، ایک ریفارم ایم کیوایم سامنے لا رہے ہیں، جنیوا سے 10 ارب ڈالرز ملنے پر خوش ہو رہے ہیں، کراچی کو موقع دیں، 10 ارب ڈالر تنہا کراچی کما کر دے سکتا ہے، ایم کیو ایم کی تقسیم زہر قاتل تھی۔

انہوں نے کہا کہ شارع فیصل پر دھرنا دے یں تو دیکھتے ہیں پھر 15 جنوری کا الیکشن کیسے ہوتا ہے؟ گورنر سندھ شدید علیل ہیں، تحقیقات ہوں گی تو پتہ چلے گا کیا معاملہ ہے؟

سینیئر ڈپٹی کنوینر ایم کیو ایم پاکستان عامر خان کا کہنا ہے  ایم کیو ایم ہی ایک حقیقت ہے اور وقت نے یہ بات ثابت کر دی۔