بارکھان واقعہ: بازیاب خاتون گراں ناز اور بچوں کی تصاویر سامنے آگئیں

کوئٹہ: بارکھان واقعے میں بازیاب خاتون گراں ناز اور بچوں کی تصاویر سامنے آگئیں۔ بازیاب خاتون اور بچوں کو قانون نافذکرنے والے ادارے کی حفاظت میں رکھا گیا ہے۔
لیویز حکام کا کہنا ہے کہ کوہلو، دکی، بارکھان اور ڈیرہ بگٹی کے علاقوں میں چھاپے مارکر مغویوں کو بازیاب کرایا گیا۔
سامنے آنے والی تصاویر میں سے ایک میں خان محمد مری کی بیوی کو لیویز حکام سرپر چادر پہنا رہے ہیں، دوسری تصویر میں گراں ناز، ایک بیٹی اور ایک بیٹے کو بازیاب کرا کر لاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔


لیویز حکام کا کہنا ہے کہ خان محمد کی بیوی گراں ناز، بیٹی اور ایک بیٹے کو کوہلو، چمالنگ اور دکی کے سرحدی علاقے بالا ڈھاکا سے بازیاب کرایا گیا جب کہ ایک بیٹے عبدالماجد کو دکی اور 2 بیٹوں عبدالغفار اور عبدالستار کو کوہلو، ڈیرہ بگٹی کے سرحدی علاقے سے بازیاب کرایا گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں خاتون گراں ناز نے ایک ویڈیو میں قرآن اٹھا کر صوبائی وزیر سردار کھیتران پر اسے اور اس کے بچوں کو نجی جیل میں رکھنے کا الزام لگایا تھا۔