فیصلہ ہوگیا:پی ایس ایل کے لاہور،پنڈی کے میچز ان ہی شہروں میں ہوں گے

لاہور(اسپورٹس ڈیسک)فیصلہ ہوگیا ۔ پاکستان سپر لیگ کے لاہور اور راولپنڈی میں ہونے والے میچز ان ہی شہروں میں شیڈول کےمطابق ہوں گے

پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے بتایا کہ نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے روٹ کی لائٹننگ کے اخراجات میں حصہ ڈالنے پر اتفاق کیا ہے

نجم سیٹھی کے  مطابق نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے اس فیصلے کے بعد طے کیا گیا ہے کہ پاکستان سپر لیگ 8 کے لاہور اور راولپنڈی میں ہونے والے میچز ان ہی شہروں میں شیڈول کےمطابق ہوں گے

وزیر اعظم کی جانب سے یقین دہانی اور پی سی بی کے گرین سگنل کے بعد کراچی میں اتوار کو نوواں اور آخری میچ ہوا جس کے بعد براڈ کاسٹرز نے اپنا سامان باندھ لیا، میچ کے لیے لگائی جانے والی ڈیجیٹل باونڈری کو بھی نکال لیا۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اور پنجاب حکومت کے درمیان معاملات طے پاگئے ہیں، جس کے مطابق کرکٹ بورڈ ٹیموں کے راستے پر نصب کی جانے والی لائٹوں کی خریداری کرے گا جس سے مستقبل میں ہر سیریز میں کروڑوں روپے کی بچت ہوگی۔

دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ پنجاب حکومت نے لائٹوں کی خریداری کے علاوہ تمام اخراجات اٹھانے کی رضامندی ظاہر کردی ہے، 2022 میں لائٹس کی مد میں پنجاب حکومت نے لاہور میں 40 کروڑ روپے خرچ کیے جبکہ رواں سال بھی یہ اخراجات 50 کروڑ سے زائد تھے۔