محکمہ صحت کے شعبہ جات غیر فعال ہونے سے عالمی معیار کے بڑے اسپتال بھی لوٹ مار میں مصروف ہیں ، فائل فوٹو
محکمہ صحت کے شعبہ جات غیر فعال ہونے سے عالمی معیار کے بڑے اسپتال بھی لوٹ مار میں مصروف ہیں ، فائل فوٹو

جان بچانے والی 131 ادویات ملک بھر میں نایاب

اسلام آباد (نمائندہ امت) اسلام آباد سمیت ملک بھر میں جان بچانے والی 131 ادویات نایاب ہونے لگیں۔ وزارت صحت کے حکام نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کو خط لکھ دیا جس میں کہا گیا ہےکہ مارکیٹ میں عدم دستیاب ادویات زیادہ تر ملٹی نیشنل دواساز کمپنیوں کی ہیں، اکثر ملٹی نیشنل کمپنیوں نے ادویات کی قیمتوں کے تنازع پر پیداوار بند کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سمیت ملک بھر میں جان بچانے والی 131 ادویات کی شدید قلت پیدا ہوگئی۔ وزارت صحت کے حکام نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کو خط لکھ دیا جس میں کہا گیا ہےکہ مارکیٹ میں عدم دستیاب ادویات زیادہ تر ملٹی نیشنل دواساز کمپنیوں کی ہیں، اکثر ملٹی نیشنل کمپنیوں نے ادویات کی قیمتوں کے تنازع پر پیداوار بند کردی ہے۔ وزارت صحت کے حکام نے ڈریپ سے درخواست کی ہے کہ ادویات کی بلا تعطل سپلائی کے اقدامات کیے جائیں۔

دوسری جانب ڈریپ حکام کا کہنا ہےکہ ادویات کی عدم دستیابی کے معاملے کا بغور جائزہ لیا جارہا ہے، ناپید ہونے والی اکثر ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کے لیے ڈریپ نے سفارش کر رکھی ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل بلوچستان صوبے میں بچوں کے بخار اور بچوں کی الرجی کی بیشتر ادویات بھی میڈیکل اسٹورز پر دستیاب نہیں تھیں، جن میڈیکل اسٹورز پر یہ ادویات دستیاب تھیں وہ دکاندار زیادہ قیمت پر ان ادویات کو فروخت کرتے رہے۔ اس حوالے سے دکانداروں کا کہنا تھا کہ بخار، سر درد، دماغی آرام، شوگر ،کینسر، بچوں کے بخار اور بچوں کی الرجی کی ادویات کمپنیوں کی جانب سے ہی مہیا نہیں کی جا رہی ہیں جب کہ بیشتر ادویات ذخیرہ کرلی گئی ہیں تاکہ جب قیمتوں میں اضافہ ہو تو مال مارکیٹ میں لایا جائے۔ بلوچستان کے محکمہ صحت کی جانب سے ان ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیےگئے تھے۔