اے این پی عمران خان اورفیض حمید کے خلاف عدالت پہنچ گئی

پشاور(امت نیوز)عوامی نیشنل پارٹی نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔

صوبائی صدر اے این پی ایمل ولی خان کی جانب سے پشاور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں کے پی حکومت، سابق وزیراعلیٰ محمود خان اور بیرسٹر محمد علی سیف کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے بعد شدت پسندوں کی آبادکاری میں عمران خان نے سہولت کاری کی، فیض حمید کی معاونت سے دہشت گردوں کی دوبارہ آباد کاری کی گئی، عمران خان نے دہشت گردوں کی دوبارہ آبادکاری کرنے کا اعتراف میڈیا پر کئی بار کیا

ایمل ولی خان کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ عمران خان سمیت تمام ذمہ داران کے خلاف جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، ملک میں دہشت گردوں کی دوبارہ آبادکاری پر فیکٹ فائنڈنگ کمیشن بنایا جائے۔