شکایت کنندہ محمد حنیف نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف اپنا کیس واپس لے لیا، فائل فوٹو
شکایت کنندہ محمد حنیف نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف اپنا کیس واپس لے لیا، فائل فوٹو

عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی 23مئی تک حفاظتی ضمانت منظور

لاہور: القادر یونیوسٹی کرپشن کیس میں لاہور ہائیکورٹ نے عمران خان کی اہلیہ  بشریٰ بی بی کی 23مئی تک حفاظتی ضمانت منظورکرلی تاہم عدالت نے عمران خان کی درخواست آج ہی سماعت کےلئے مقرر کرنے کی استدعا مسترد کردی ۔

قبل ازیں لاہور ہائیکورٹ میں بشریٰ بی بی کی القادر یونیوسٹی کیس میں حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی جس دوران عدالت نے عمران خان کی اہلیہ کی عدم حاضری پر اظہار ناراضگی کیا اور سوا 2 بجے تک پیش ہونے کا حکم جاری کر دیا ۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہباز رضوی نے بشریٰ بی بی کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی ،عدالت نے استفسار کیا کہ درخواست گزار کہاں ہیں، وکیل نے جواب دیا کہ وہ سیکیورٹی کی وجہ سے نہیں پہنچ سکیں ، ہم معذرت خواہ ہیں۔

جسٹس شہباز نے ریمارکس دیے کہ عدالت کو انتظار کروانا اچھی بات نہیں، اس کی پذیرائی نہیں ہونی چاہیے،اگر بشریٰ بی بی 2 بج کر 16 منٹ تک عدالت میں پیش نہیں ہوئیں تو حفاظتی ضمانت کی درخواست مسترد کردیں گے ۔

دوسری جانب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی سے متعلق درخواست دائر کی گئی۔

عمران خان نے درخواست میں آئی جی پنجاب اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب فریق بناتے ہوئے 9 مئی اور اس کے بعد درج مقدمات میں گرفتار نہ کرنے کی استدعا کی۔

عمران خان نے درخواست میں مؤقف پیش کیا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے گرفتاری کا خدشہ ہے، پنجاب حکومت کی جانب سے متعدد مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے، پنجاب حکومت سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کرتے ہوئے استدعا کی گئی ہے کہ 9 مئی کے واقعات کے بعد مقدمات درج کیے گئے ہیں، عدالت پولیس کو گرفتار کرنے سے روکے، اور 9 مئی اور اسکے بعد درج مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی سے متعلق حکم دے۔

عمران خان کی درخواست پراعتراض

رجسٹرار ہائی کورٹ آفس نے عمران خان کی مقدمات کی تفصیلات کی فراہمی کی درخواست پراعتراض عائد کرتے ہئوے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی تصدیق شدہ کاپی لف نہیں کی۔

عدالت نے عمران خان کی درخواست پر اعتراض ختم کردیا اور عدالت نے رجسٹرار آفس کو عمران خان کی درخواست کل مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔

عمران خان کے وکیل نے عدالت کو درخواست آج ہی سماعت کیلئے مقرر کرنے کی استدعا کی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔ عمران خان کی درخواست پر سماعت کل جسٹس صفدر سلیم شاہد کریں گے۔