تقریب میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات بھی شریک ہوئیں۔ فائل فوٹو
تقریب میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات بھی شریک ہوئیں۔ فائل فوٹو

یوم تکریم شہدائے پاکستان تقریب میں جنرل باجوہ بھی شریک

اسلام آباد: ملک بھر میں آج یوم تکریم شہدائے پاکستان منایا جا رہا ہے،اس حوالے سے مرکزی تقریب جنرل ہیڈکوارٹرز(جی ایچ کیو )راولپنڈی میں یادگارشہدا پر ہوئی، آرمی چیف جنرل عاصم منیر تقریب کے مہمان خصوصی تھے، سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی تقریب میں شرکت کی،تقریب میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات بھی شریک ہوئیں۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یاد گار شہدا پر پھولوں رکھے اور فاتحہ خوانی کی،اس موقع پرشہدا کے درجات کی بلندی اور ملکی ترقی و استحکام کیلیے دعا کرائی گئی،شہدائے پاکستان کو سلامی بھی پیش کی گئی،سابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہدا پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی ۔

یوم تکریم شہدائے پاکستان پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس، ریٹائرڈ اور سروسز افسران نے شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے آج کا دن پوری قوم کے لیے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ہر شہید کو یاد کرنے اور خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے، شہدا نے قوم اور مادر وطن کی سالمیت، خودمختاری اور فرض کی ادائیگی میں لازوال قربانیاں دیں۔

آئی ایس پی آرکی جانب سے کہا گیا ہے کہ شہدا کی لازوال قربانیاں وطن عزیز کی آنے والی نسلوں کیلیے مشعل راہ ہیں، پاکستان کے دشمنوں کے پروپیگنڈے سے قطع نظر ان قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔